سمیڈا کے زیر اہتمام ’’جائیکا۔ سمیڈا انرجی ایفی شینسی پراجیکٹ‘‘ کے نتائج کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد

جمعرات 8 دسمبر 2016 22:44

لاہور۔8 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2016ء)وفاقی ادارے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے اشتراک سے توانائی کے بہتر استعمال کے حوالے سے جاری منصوبے کے تحت گزشتہ ایک سال کے دوران صوبہ پنجاب اور سندھ میں منتخب 13 صنعتی یونٹوں میں 8 لاکھ 66 ہزار کلو واٹ ہاور بجلی بچالی گئی جس سے متعلقہ یونٹوں کو کسی قسم کا اضافی خرچہ کئے بغیر بجلی کے اخراجات کی مد میں سالانہ ایک کروڑروپے سے زائد فائدہ پہنچتا رہے گا۔

اس امر کا انکشاف سمیڈا کے زیر اہتمام ’’جائیکا۔ سمیڈا انرجی ایفی شینسی پراجیکٹ‘‘ کے نتائج کے حوالے سے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ سیمینار میں کیاگیا۔ مہمان خصوصی جائیکا پاکستان کے چیف یاسوہیروتوجو سمیت سمیڈا کے جنرل منیجر بزنس اینڈ سیکٹر ڈویلپمنٹ ہارون احمد خان‘ ڈپٹی جنرل و ہیڈ انڈسٹری سپورٹ سیل‘ سمیڈا اشفاق احمد‘ پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹیو پارٹس اینڈ ایکس سیریز مینو فیکچرز (پاپام) کے چیئرمین مشہود احمد و دیگر بھی اس موقع پر موجود پر تھے۔

(جاری ہے)

سیمینار میں جاپانی انرجی ایکسپرٹ موری ہیتو تاکایاما نے مذکورہ پراجیکٹ کے نتائج پر مبنی تفصیلی پریزٹیشن پیش کی۔ جائیکا پاکستان کے چیف مسٹر یاسوہیرو نے اپنے خطاب میں کہاکہ جاپان پاکستان کی صعتی و تکنیکی ترقی میں بھرپور تعاون کر رہاہے اور انرجی ایفی شینسی پراجیکٹ بھی اس تعاون کا حصہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزارت صنعت و پیداوار نے دو سال قبل آٹو پارٹس اور فائونڈری سیکٹر سے متعلق چھوٹی اور درمیانی صنعتوں میں توانائی کے فعال استعمال کے حوالے سے جائیکا سے تعاون طلب کیا تھا۔

گزشتہ ڈیڑھ د برس کے دوران سمیڈا کے ساتھ ملکر پنجاب اور سندھ میں فائونڈری اور آٹو پارٹس کے شعبہ کے 13 منتخب یونٹوں میں توانائی کے فعال استعمال کے طریقے متعارف کرائے جس سے یہ صنعتی یونٹ 8 لاکھ‘ 66 کلو واٹ ہاور بجلی بچانے کے قابل ہو گئے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جائیکا آئندہ بھی پاکستان کے ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی کیلئے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

اس موقع پر سمیڈا کے جنرل منیجر بزنس اینڈ سیکٹر ڈویلپمنٹ ہارون احمد خان نے انرجی ایفی شینسی مینجمنٹ پراجیکٹ کی کامیاب تکمیل پر جائیکا کا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناء حکومت سندھ کے سیکرٹری صنعت و تجارت عبدالرحیم سومرو نے متذکرہ منصوبے میں سندھ کی آٹو موٹیو اور فائونڈری انڈسٹریز کو شامل کرنے پر سمیڈا کا شکریہ اداکیا۔