اخباری تراشے مسترد ہونے پر پی ٹی آئی کی سیاست بوکھلاہٹ کا شکا ر ہو گئی ہے ،پرویز ملک

جمعرات 8 دسمبر 2016 22:30

لاہور۔8 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2016ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر ورکن اسمبلی محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ عمران خان وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کے افراد پر لگائے گئے الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہے، اخباری تراشے عدلیہ نے مسترد کردئے جس کے بعد ان کی سیاست بوکھلاہٹ کا شکا رہو گئی ہے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو عدلیہ کا فیصلہ قبول کرنا ہوگا، عمرا ن خان کی سیاست سے وطن دشمنی کی بو آ رہی ہے، وہ قوم کو منتشر کررہے ہیں جبکہ یہ وقت قوم میں انتشار پیدا کرنے کا نہیں متحد کرنے کا ہے ، پرویز ملک نے کہا کہ جس کی اپنی پارٹی انتشار اور گروہ بندی کا شکارہے وہ ریاست میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے،سیاسی جماعتوں کے ریاست کے ساتھ منفی رویے سے قومیں اور ملک ترقی نہیں کرتے،گذشتہ روز لاہور دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا کیس جھوٹ پر مبنی ہے اور اس میں وہ طاقتیں ملوث ہیںجو جمہوریت دشمن اور جمہوری سیٹ اپ پر ڈاکہ ڈالنا چاہتی ہیں، انہوں نے کہا کہ ایک طرف پاکستان دہشتگردی کے خلاف حالت جنگ میں ہے اور دشمن حملے کررہا ہے جبکہ عمران خان ملک میں انتشار کی سیاست کررہے ہیں اور عوام کو ریاست کیخلاف ورغلا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ان حالات میں عمران خان کو چاہیے تھا کہ وہ اپنا احتجاج ختم کرکے بھارتی جارحیت کیخلاف احتجاج کرتے۔