سماجی اقدار کی تشکیل میں نفسیاتی عوامل اہم کردار ادا کرتے ہیں ، ڈاکٹر جہانزیب خاں

جمعرات 8 دسمبر 2016 22:27

گوجرانوالہ۔8 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2016ء) صدر پاکستان سائیکالوجیکل ایسوسی ایشن اور ممتاز استاد ڈاکٹر جہانزیب خاں نے کہا ہے کہ سماجی اقدار کی تشکیل میں نفسیاتی عوامل اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ سماج کی مختلف سطحوں پر عدم مساوات اور بدعنوانی عوام میں نفسیاتی الجھنیں پیدا کرتے ہیں۔ پاکستان کے موجودہ حالات ہماری عوامی نفسیات پر گہرا اثر چھوڑ رہے ہیں۔

ان حالات میں ماہرین نفسیات کا اولین فریضہ ہے کہ وہ اپنی اجتماعی کاوشوں کے ذریعے عوام کے نفسیاتی مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے ان کا پائیدار حل پیش کریں ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جامعہ گجرات کے شعبہ سائیکالوجی کے زیر اہتمام پہلی قومی کانفرنس ’’سماج میں نفسیات کے اطلاق کو در پیش مسائل اور رجحانات‘‘کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر جامعہ گجرات ڈاکٹر ضیاء القیوم نے اپنے صدارتی کلمات میں کہا کہ جامعات اصلاً علمی تحقیق کے ایسے ادارے ہیں جو سماجی بہتری کے لیے مختلف مقامی مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے ان کا حل تلاش کرتے ہیں۔ تحقیق کے حقیقی مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے ہمیں بین الشعبہ جاتی سطح پر علمی تحقیق کے لیے ٹیمیں بنانے کی ضرورت ہے جہاں مختلف علوم کے ماہرین مشترکہ تحقیق کے ذریعے ملکی مسائل کا حل پیش کریں۔

نفسیات ایک ایسا علم ہے کہ جس کا تعلق زندگی کے تقریباً ہر شعبہ سے ہے ۔ مجھے امید ہے کہ جامعہ گجرات میں نفسیاتی عوامل بارے قومی کانفرنس کی سفارشات بارآو ر ہونگی۔ پروفیسر ڈاکٹر فرح ملک نے کہا نفسیاتی مسائل کئی جسمانی بیماریوں کو جنم دیتے ہیں۔ ذہنی طور پرپر سکون افراد معاشرہ کی بہترین خدمات سر انجام دے سکتے ہیں۔ عوام کی نفسیاتی الجھنوں کے اسباب تلاش کرنے اور ان کا حل نکالنے کے لیے ادارہ جاتی کوششیں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔

ڈین سوشل سائنسزڈاکٹر فوزیہ مقصودنے نفسیات جیسے اہم موضوع پر اس کانفرنس کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ سماج کی بیداری میں انسانی کوششیں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ہمارے معاشرہ میں کئی تضادات پائے جاتے ہیں۔ ان تضادات کے خاتمہ کے لیے علمی اداروں سے وابستہ افراد اپنا صحیح کردار ادا کرتے ہوئے اعلیٰ خدمات سر انجام دے سکتے ہیں۔

صدر شعبہ ڈاکٹر نورینہ کوثر نے اظہار تشکر میں کہا کہ جامعہ گجرات کا شعبہ نفسیات ایک متحرک شعبہ ہے ۔ نفسیات کے اطلاق بارے اس دو روزہ قومی کانفرنس کا اولیں مقصد پاکستان بھر سے نفسیات سے وابستہ ماہرین کو اکٹھا کرتے ہوئے پاکستانی سماج کی تشکیل نو بارے ان کی تحقیق و رائے سے کارآمد فائدہ اٹھانا ہے ۔ جامعہ گجرات میں منعقدہ یہ قومی کانفرنس دو دن جاری رہے گی ۔ کانفرنس کے حوالہ سے مختلف موضوعات بارے چار ورکشاپوں کا اہتمام بھی کیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں نفسیات کے سماجی اطلاق کے موضوع پر مباحثوں کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے ۔ کانفرنس میں ملک بھر کی جامعات اور اداروں سے ممتاز ماہرین شرکت کر رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :