موجوہ صوبائی حکومت نے بدعنوانی سے پاک معاشرے کے قیام کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں، معیاری تعلیم کے فروغ اور نقل کے مکمل خاتمے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں،میرٹ اور معیاری تعلیم کے حصول ہی سے معاشرتی برائیوں کا سدباب کیا جاسکتا ہے،ٍ وائس چانسلربلوچستان یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال کاسیمینارکے موقع پرخطاب

جمعرات 8 دسمبر 2016 22:21

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2016ء) ٍ بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے کہاکہ موجوہ صوبائی حکومت نے بدعنوانی سے پاک معاشرے کے قیام کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں معیاری تعلیم کے فروغ اور نقل کے مکمل خاتمے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جارہی ہیںمیرٹ اور معیاری تعلیم کے حصول ہی سے معاشرتی برائیوں کا سدباب کیا جاسکتا ہے، ادارہء اینٹی کرپشن وانکوائریز حکومت بلوچستان وجامعہ بلوچستان کے زیراہتمام عالمی یوم انسداد بدعنوانی کی مناسبت سے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال تھے۔ تقریب میں سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی وڈائریکٹر جنرل ادارہ انسداد بدعنوانی بلال احمد جمالی، محکمہ انسدواد بدعنوانی کے ڈائریکٹر بشیر بازئی کے علاوہ سابق سیکریٹری تعلیم منیراحمد بادینی، سابق سیکریٹری مالیات محفوظ علی خان، ڈائریکٹر نیب بلوچستان حفیظ صدیقی،جامعہ بلوچستان کے پروفیسروں، دانشوروں، سول سوسائٹی، میڈیا کے نمائندوں کے علاوہ طلباء وطالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی کی لعنت ہمارے معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے جس کے باعث ہمارے ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی تمام برائیوں کی جڑ بدعنوانی ہے اور اس ناسور سے چھٹکارہ پانے کا واحد حل معیاری تعلیم کا حصول ہے۔

موجوہ صوبائی حکومت نے بدعنوانی سے پاک معاشرے کے قیام کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں معیاری تعلیم کے فروغ اور نقل کے مکمل خاتمے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جارہی ہیںمیرٹ اور معیاری تعلیم کے حصول ہی سے معاشرتی برائیوں کا سدباب کیا جاسکتا ہے، جامعہ بلوچستان کا ادارہ انسداد بدعنوانی کے لئے تکنیکی استعداکار ومعلومات کی فراہمی میں ہمہ وقت موجود ہے اور بلوچستان کے تمام اداروں کو چاہیئے کہ جامعہ کے تجربہ کار پروفیسر، دانشوروں کو اپنی پالیسی بنانے کے لئے معیاری کنسلٹنسی کے لئے خدمات حاصل کریں۔

تقریب سے سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی و ڈی جی اینٹی کرپشن بلال احمد جمالی نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کرپشن وبدعنوانی کے سدباب کے لئے مؤثر اقدامات کررہی ہے۔ عالمی یوم انسداد بدعنوانی کی مناسبت سے صوبہ بھر میں ہفتہ انسداد بدعنوانی منایا جارہا ہے۔ 5دسمبر سی11دسمبر تک انسداد بدعنوانی سے متعلق شعوروآگہی کے لئے مختلف پروگرام بھی ترتیب دیئے گئے ہیں جسمیں واک، سیمینارزوکانفرنسز کا ڈویژنل وضلعی سطح پر انعقاد کیا جارہا ہے تاکہ لوگوں میں بدعنوانی کے منفی اثرات کو اجاگر کرکے کرپشن سے پاک معاشرے کے حصول کو ممکن بنایا جاسکے۔

اس موقع پر صوبائی محکمہ انسداد بدعنوانی کے ڈائریکٹر بشیر احمد بازئی نے ادارہ برائے انسدادبدعنوانی وانکوائریز کی تفصیلات بتاتے ہوے کہاکہ ادارے کی کاوشوں سے کروڑوں روپے قومی کے خزانے میں جمع کروادیئے گئے ہیں اور بدعنوانی سے متعلق بہت سی شکایات زیرغور ہیںجس پر عملدرآمد جاری ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لئے معاشرے کے ہرفرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ورنہ آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔

تقریب سے سابق سیکریٹری تعلیم منیراحمد بادینی اور سابق سیکریٹری مالیات محفوظ علی خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لئے مشترکہ کوششوں کی اشد ضرورت ہے،بدعنوانی ہمیشہ بالائی سطح سے شروع ہوکر نچلی سطح تک سرایت کرجاتی ہے۔ میرٹ اور شفافیت کو برقرار رکھ کر ہی ہم کرپشن پر مکمل قابو پاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک ہمارے خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔

کرپشن ایک بہت بڑا چیلنج ہوگا جس سے نمٹنے کے لئے جامع منصوبہ بندی اور اقدامات اٹھانا ناگزیر ہیں اور اس حوالے سے ہمیں اپنے نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے معیاری تعلیم کے حصول کو ممکن بنانا ہوگا۔ ڈائریکٹر نیب بلوچستان حفیظ صدیقی نے کہا کہ نیب بدعنوانی کی روک تھام کے لئے مؤثر اور دیرپا نتائج کا حامل ادارہ ہے اور اس کے لئے تمام اسٹک ہولڈرز کی مشاورت و مدد ہمہ وقت درکار رہے گی تاکہ ہم اس لعنت سے چھٹکار پاسکیں اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :