کوئٹہ شہر کی صفائی مہم کے پہلے مرحلے میں 30سے 40ہزار ٹن کچرہ ٹھکانے لگایا گیا، وسائل کی کمی کے باوجود میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ شہر میں خصوصی صفائی مہم کے دوسرے مرحلے میں 40سے 50ہزارٹن کچرہ ٹھکانے لگانے کی منصوبہ بندی کا ارادہ رکھتی ،میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ خان کاکڑ

جمعرات 8 دسمبر 2016 22:21

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2016ء) میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ خان کاکڑ نے کہاہے کہ کوئٹہ شہر سے صفائی ستھرائی کی مہم کے پہلے مرحلے میں 30سے 40ہزار ٹن کچرہ ٹھکانے لگایا گیا۔ وسائل کی کمی کے باوجود میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ شہر میں خصوصی صفائی مہم کے دوسرے مرحلے میں 40سے 50ہزارٹن کچرہ ٹھکانے لگانے کی منصوبہ بندی کا ارادہ رکھتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ خان کاکڑ اور سیکریٹری لوکل گورنمنٹ حافظ عبدالماجد نے گذشتہ روز خصوی صفائی مہم کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی خصوصی ہدایت پر شروع کی گئی صفائی مہم کا دوسرا مرحلہ 8 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا جس کے تحت شہر سے نہ صرف ہزاروں ٹن کچرہ ٹھکانے لگایا جائے گا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ شہر کے روایتی حسن اور خوبصورتی کی بحالی کے لئے بھی میٹروپولیٹن کارپوریشن بھرپور اقدامات کررہی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکریٹری بلدیات نے کہا کہ شہر میں روزانہ تقریباً 13سو ٹن کچرہ پیدا ہوتا ہے جس کو ٹھکانے لگانے کے لئے کارپوریشن کے پاس ضروری مشینری میسر نہیں تاہم وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ 8کروڑ روپے کے خصوصی فنڈ سے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ جدید مشینری کی خریداری میں مصروف عمل ہے جوکہ آئندہ ماہ کے وسط تک کارپوریشن کے زیراستعمال لائی جائے گی جس سے کارپوریشن کی مجموعی استعداد کار میں اضافہ ہوگا اور انشاء اللہ بہت جلد شہری مثبت تبدیلی محسوس کریں گے۔ سیکریٹری لوکل بورڈ عطاء اللہ بلوچ، چیف انجینئر عبدالحق اور عبدالحق اچکزئی خصوی مہم کے دوسر ے مرحلے کے افتتاح کے موقع پر میئر کوئٹہ کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :