راولپنڈی میں امن وامان کی صورت حال سے متعلق جائزہ اجلاس، فوری اقدامات کی ہدایات، کمشنر راولپنڈی

جمعرات 8 دسمبر 2016 22:16

راولپنڈی۔08 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2016ء)کمشنر راولپنڈی ڈویژن عظمت محمود نے آر پی او فخر وصال سلطان راجہ کے ہمراہ راولپنڈی میں امن وامان کی صورت حال کے جائزہ اجلاس میں سٹریٹ کرائمز کی روک تھام ، تجاوزات کے خلاف آپریشن اور ٹریفک کے نظام کی بہتری کے لیے فوری اقدامات کی ہدایات کی ہیں۔اجلاس میںایم این اے ملک ابرار احمد ، ارکان صوبائی اسمبلی چوہدری سرفراز افضل ، ملک افتخار احمد ، راجہ حنیف ایڈووکیٹ ، ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوندل ، سی پی او راولپنڈی اسرار احمد عباسی ،اے سی جی طارق بسرا، ایم ڈی واسا راجہ شوکت ، ڈائریکٹر کالجز ملک محمد اصغر ، ڈائریکٹر آر ڈی اے اکرم سوبن سمیت ضلعی اداروں کے افسران نے شرکت کی ۔

کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ بڑھتے ہوئے ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے یہ امر ناگزیر ہے کہ تجاوزات کا خاتمہ کر کے پارکنگ کے لیے جگہیں مخصوص کی جائیں اور اس مقصد کے لیے ٹی ایم او ز اپنی ذمہ داریاں پوری کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دکاندار اپنا سازوسامان فٹ پاتھ پر رکھ کر فروخت کرتے ہیں جس کی وجہ ٹریفک کی آمد ورفت میں روکاٹ کا باعث بنتے ہیں ان کے خلا ف قانون کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ سڑکوں کے کنارے اشیاء فروخت کرکے ٹریفک میں رکاوٹیں پیداکرنے والوں کے خلاف بھی کاروائی کی جائے ۔ آر پی او فخر وصال سلطان راجہ نے کہا کہ سٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کے لیے پولیس پیٹرولنگ میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے اور جلد ڈولفن پولیس بھی راولپنڈی میں کام شروع کر دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکام کو پولیس نفری میں اضافے کے لیے تحریری طور پر آگاہ کیا گیا ہے اور ضلعی انتظامیہ ٹریفک پولیس کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے کر شہر میں ٹریفک کی روانی ، امن اومان کو برقرار اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کے اقدامات یقینی بنائے جائیں گے ۔

سی پی او راولپنڈی اسرار احمد عباسی نے بتایا کہ نمبر پلیٹس کے بغیر موٹر سائیکل تھانوں میں بند کیے جائیں گے اور کم عمر ڈرائیورں کے خلاف کاروائی کر کے ایسی گاڑیاں بھی تھانوں میں بند کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ دوران ڈرائیونگ ہینڈ فری سیٹ استعمال کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سٹریٹ کرائمز کو روکنے کے لیے محافظ اسکواڈ متحرک ہیں۔قبل ازیں ملک ابرار ایم این اے ، ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری سرفراز افضل ، ملک افتخار احمد اور راجہ حنیف ایڈووکیٹ نے امن وامان ، ٹریفک اور نے تجاوزات سے متعلق مسائل کی نشاندہی کی ۔