تین سال کی انتھک محنت اور قربانیوں سے دہشت گردی پرکافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے،2013 سے پہلے دہشت گردی کے 2890 ، 2013 ء تا 2016ء، 240 واقعات ہوئے، وزیراعظم ایجوکیشن ریفارمز پروگرام کے تحت 422تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے ‘نوجوانوں کے لئے وزیراعظم یوتھ لون پروگرام ‘لیب ٹاپ سکیم ‘آسان قرضہ سکیم ‘فیسوں کی واپسی سمیت دیگر پروگرام شروع کیے ہیں ‘وزارت اطلاعات قائداعظم کی سالگرہ کا ہفتہ بھر پور انداز سے منائے گی

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کا راولپنڈی آرٹس کونسل میں رائز آئیڈیل سٹوڈنٹ ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب وزیر مملکت نے طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے فاتحہ خوانی کرائی

جمعرات 8 دسمبر 2016 22:12

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2016ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں ‘سیاسی اتفاق رائے اور سکیورٹی اداروں کے باہمی تعاون سے تین سالوں کی انتھک محنت اور قربانیوں سے دہشت گردی پرکافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے ‘تعلیمی اداروں کی حالت زار کو بہتر بنانے کے لئے وزیراعظم ایجوکیشن ریفارمز پروگرام کے تحت 422تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ ‘معیاری تعلیم کو بہتر بنانے اور اساتدہ کی تربیت کی جارہی ہے ‘ملکی آبادی کا 60 فیصد نوجوانوں کو اپنے پائوں پر کھڑا ہونے ‘تربیت یافتہ بنانے کے لئے موجودہ حکومت نے یوتھ کے لئے وزیراعظم یوتھ لون پروگرام ‘لیب ٹاپ سکیم ‘آسان قرضہ سکیم ‘فیسوں کی واپسی سمیت دیگر پروگرامات شروع کیے ہیں ‘وزارت اطلاعات 19تا 25دسمبر قائداعظم کی سالگرہ کا ہفتہ بھر پور انداز سے منائے گی ‘ملک بھر سے سکولوں ‘کالجز اور یونیورسٹیاں کے طلباء و طالبات شریک ہونگے ‘پی این سی اے میں قائداعظم محمد علی جناح کا سب سے بڑا پوٹریٹ بھی ڈسپلے کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو راولپنڈی آرٹس کونسل میںرائز آئیڈیل سٹوڈنٹ ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہیں تھیں ۔پاکستان سویٹ ہومز کے چیئرمین زمرد خان ‘جماعت اسلامی کے راہنما رضا احمد شاہ سمیت تقریب کے منتظمین ‘مختلف کاروباری شخصیات اور سکولوں ‘کالجز کی طلباء و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی ۔وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے باقاعدہ ایکسپو کا افتتاح کیا ۔

شرکاء سے خطاب کے لئے وزیر مملکت سٹیج پر آئیں تو سب سے پہلے انہوں نے گذشتہ روز ہونے والے طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے فاتحہ خوانی کرائی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج کا یہ ایونٹ خالصتاً نوجوانوں کے لئے ہے ‘یہاں پر کئی تعلمیی اداروں سے بچیاں اور بچے آئیں ہیں اور نئی ایجادات اور ترقی سے ہم آہنگ ہورہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان گذشتہ 35 سال سے ایک طرف اپنے معصوم شہریوں کی قربانیاں دیکر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے تو دوسری طرف دنیا کو یہ بھی باور کروارہے ہیں کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ہے‘وزیراعظم محمد نواز نے سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے انٹرنل سکیورٹی پالیسی دی تو تین سال کی انتھک محنت ‘مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیوں سے دہشت گردی پر کافی حد تک قابو پا لیا ‘2013 سے پہلے 2890دہشت گردی کے واقعات رپورٹ ہوئے تھے لیکن 2013سے 2016کے درمیان 240دہشت گردی کے واقعات ہوئے جو نمایاں کمی اور ہماری بڑی کامیابی ہے ‘اس میں زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نے اپنا مثبت کردا ادا کیا ‘ عوام نے متحد ہو کر واضح پیغام دیا کہ دہشت گردی سے عوام کے حوصلے پست ہونے والے نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول واقعہ کے بعد لوگ بچوں کو سکول بھجوانے سے گھبرا رہے تھے لیکن دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن اور کامیاب کارروائی نے عوام کا اعتماد بحال کیا ہے ‘آنے والے وقتوں میں اس میں مزید بہتری لائی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اقتصادی ترقی کی جنگ بھی لڑ رہا ہے ‘اس جنگ میں تعلیم سب سے اہم ہے ‘تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ جس معاشرے میں جس رفتار سے تعلیم کی شرح بڑھتی ہے اسی رفتار سے وہ معاشرہ بھی ترقی کرتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ایجوکیشن ریفامز پروگرام کے تحت اسلام آباد کے 60 سے 70سکولوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ کمپیوٹر لیبارٹریاں ‘سائنس لیبارٹریاں قائم ہوچکیں ہیں ‘وزیراعظم ایجوکیشن ریفارمز پروگرام کا دائرہ کار سویٹ ہومز تک بھی بڑھانے کے لئے تیار ہیں ‘اسی پروگرام کی طرز پر حکومت پنجاب بھی ایجوکیشن کے شعبے میں پروگرام شروع کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان میں بہت ترقی ہورہی ہے ‘تھری جی ‘فور جی ‘سمارٹ فون سمیت دیگر ترقی ملک کے کونے کونے تک پہنچ رہی ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ اس آئی ٹی کی ترقی کو ذمہ داری سے استعمال کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے صحت کے شعبے میں اصلاحات متعارف کرائیں ہیں جس سے پولیو سمیت بچوں کی بیماریوں پر پر بھی کافی حد تک قابو پایا گیا ہے ۔

پاکستان سویٹ ہومز کے چیئرمین زمرد خان نے کہاکہ سویٹ ہومز کا سفر ہم نے ایک یتیم بچے سے کیا تھا اور آج ہمارے سویٹ ہومز میں 3800یتیم بچے ہیں جن کی کفالت ہم کررہے ہیں ‘اب ہم ملک بھر میں نایاب بچے تلاش کر رہے ہیں جو ٹاپ پوزیشنیں حاصل تو کرچکے ہیں لیکن وہ کیڈٹ کالجز ‘ایچی سن کالج کی سطح کے تعلیمی اداروں میں بھجوائیں گے اور تمام اخراجات سویٹ ہومز برداشت کرے گا ۔جماعت اسلامی کے راہنما رضا احمد شاہ نے کہا کہ ہمیں اپنے یتیم ‘لاوراث اور بے سہارا بچوں کے بارے میں بھی مثبت سوچ اپنا کر انھیں قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے ہر ممکن مدد کرنا ہوگی ۔