حکومتی ادارے، سول سوسائٹی مذہبی رہنما، میڈیا اور عوام سمیت معاشرہ کے تمام طبقات ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ میں کردارادا کریں

صدرمملکت ممنون حسین کا انسداد بدعنوانی دن کے موقع پر پیغام

جمعرات 8 دسمبر 2016 21:38

حکومتی ادارے، سول سوسائٹی مذہبی رہنما، میڈیا اور عوام سمیت معاشرہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2016ء) صدرمملکت ممنون حسین نے حکومتی اداروں، سول سوسائٹی مذہبی رہنمائوں، میڈیا اور عوام سمیت معاشرہ کے تمام طبقات پر زور دیا ہے کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ کیاجائے، انسداد بدعنوانی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر نے کہا کہ ہر سال تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی اور بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی کیلئے اربوں روپے رشوت اور خودبرد کے ذریعے چرا لئے جاتے ہیں جس کے باعث حکومت کیلئے عوام کو بنیادی خدمات کی فراہمی مشکل ہوجاتی ہے اور وہ اپنے بنیادی حقوق سے محروم رہتے ہیں۔

صدر نے نجی صعبہ پر زور دیا کہ وہ بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے ایک فعال شراکت دار بنے اور اس لعنت کے خاتمہ کیلئے حکومتی کوششوں میں تعاون کرے۔

(جاری ہے)

صدر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کرپشن کے خاتمہ کا مکمل عزم کر رکھا ہے اور بدعنوان عناصر کا احتساب کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میرٹ پر تمام منصوبوں پر عمل درآمد کر رہی ہے اور اس سرکاری رقوم کا منصفانہ استعمال کر رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کرپشن کا قریبی تعلق دولت کی غیرمنصفانہ تقسیم اور اس کا چند ہاتھوں میں رہنے کی وجہ سے ہے۔ بدقسمتی سے کوئی معاشرہ اس چیلنج سے پاک نہیں جس کی وجہ سے سماجی و اقتصادی ترقی قانون کی حکمرانی قائم کرنے اور انصاف کی فراہمی متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن ایک کثیرالجہتی مسئلہ ہے جس کا ہرسطح پر عوام کی مدد سے خلوص نیت، منصوبہ بندی اور قوانین پر سختی کے ساتھ اطلاق سے خاتمہ کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہم سب کو بدعنوانی کے خلاف اجتماعی جدوجہد کرنے بدعنوان عناصر کی سماجی طور پر حوصلہ شکنی کرنے کی تاکید کرتا ہے۔ انہوں نے تمام پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے نیب کی انسداد بدعنوانی کی مہم کا ساتھ دیں۔

متعلقہ عنوان :