میئر اسلام آباد نے کرال چوک انٹرچینج کے گرد و نواح میں غیر قانونی تجاوزات کا نوٹس لے لیا ،ْ تجاوزات کے فوری خاتمے کی ہدایت

جمعرات 8 دسمبر 2016 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2016ء)اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈ ی اے شیخ انصر عزیز نے اسلام آباد ہائی وے پر کرال چوک انٹرچینج کے گرد و نواح میں غیر قانونی تجاوزات کا نوٹس لیتے ہوئے ان تجاوزات کے فوری خاتمے کی ہدایت کی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ وزیرِ اعظم پاکستان محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق اسلام آباد میں روڈ انفراسٹرکچر کی تعمیر میں اس بات کا خصوصی خیال رکھا جا رہا ہے کہ اسلام آباد میں آئندہ روڈ انفراسٹرکچر میں جدید فن تعمیر کے ساتھ ساتھ مستقبل کی ضروریات کو بھی مدِ نظر رکھا جائے تاکہ روز افزوں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دبائو کو کم کرنے میں مدد ملے اور تعمیر کئے جانے والے منصوبے زیادہ دیر تک استعمال میں لائے جا سکیں کیونکہ ماضی میں مستقبل کی ضروریات کو مدِ نظر نہ رکھنے کے باعث ان منصوبوں میں جلد توسیع کی ضرورت ہوتی ہے جو کہ نہ صرف وقت کا ضیاع ہے بلکہ اس سے بے جا اخراجات بھی برداشت کرنا پڑتے ہیں۔

(جاری ہے)

شیخ انصر عزیز نے انجینئرنگ ونگ کو ہدایت کی کہ اس اہم منصوبے کی بر وقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے کیونکہ اسلام آباد ہائی وے ایک اہم شاہراہ ہے جس پر ٹریفک کا بے حد دبائو ہے لہذا اس دبائو کو کم کرنے کے لیے منصوبے کا بر وقت مکمل ہونا بہت ضروری ہے ۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ اسلام آباد ہائی وے کو سگنل فری کوریڈور بنانے کا وزیر اعظم پاکستان کا وژن وقت کی اہم ضرورت ہے جس پر مرحلہ وار کام جاری ہے۔

انہوں نے انوائرنمنٹ ونگ کو ہدایت کی کہ کورال انٹر چینج کے مکمل ہونے والے حصوں کی لینڈ سکیپنگ شروع کر دی جائے جبکہ گھاس کے علاوہ انٹر چینج کے اردگرد ایسے پھولدار اور سایہ دار پودے لگائے جائیں جو کہ مقامی موسم سے مطابقت رکھتے ہوں تاکہ ان کی افزائش تیزی سے ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ انٹر چینج کے مختلف لوپس کے ساتھ موجود آبادی کے تحفظ کے لیے حفاظتی دیواریں تعمیر کرنے کے علاوہ بارشی پانی کی نکاسی کا مناسب بندوبست کیا جائے کیونکہ نکاسی آب نہ ہونے کے باعث روڈز جلد خراب ہو جاتا ہے لہذا اس پر خصوصی توجہ دی جائے۔

شیخ انصر عزیز نے کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک کے کم رش کے اوقات میں تعمیراتی کام میں مزید تیزی لائیں کیونکہ مصروف شاہراہ ہونے کے باعث دن کے اوقات میں ترقیاتی کام خلل کا شکار ہوتا ہے۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے انٹر چینج کے گرد و نواح میں غیر قانونی تجاوزات کا نوٹس لیتے ہوئے ان تجاوزات کے فوری خاتمے کی ہدایت کی جبکہ انہوں نے کہا کہ کوشش کی جائے کہ منصوبے کی زد میں آنے والی سوئی گیس کی پائپ لائنوں اور بجلی کی تنصیبات کو نقصان نہ پہنچے۔

اس موقع پر شیخ انصر عزیز نے متعلقہ افسران کے ہمراہ کورال انٹر چینج کے مختلف حصوں پر جاری تعمیراتی کام کا بھی معائنہ کیا اور تعمیراتی کام میں بہترین معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد نہ صرف ٹریفک کی ضرورت پوری کرے گا بلکہ اسلام آباد کی خوبصورتی میں بھی اضافے کا باعث بنے گا۔ قبل ازیں پراجیکٹ ڈائریکٹر ممتاز حسن نے میئراسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا کہ تعمیر کیے جانے والے کالموں پر گرڈرز رکھنے کا کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔