سی پیک منصوبے کو امریکہ اور بھارت کی بجائے اندرونی طورپر زیادہ خطرات لا حق ہیں‘ سردار ایاز صادق

مخالفین کو لگتا ہے سی پیک کے راستے وفاقی حکومت طے کر رہی ہے ایسا ہرگز نہیں ،چین سرمایہ کاری کررہا ہے وہی روٹ طے کرتا ہے یو رپ ،امریکہ کی بجائے ہمیں اپنے ملک کی مصنوعات کو فروغ دینا چاہیے ، روس کا پاکستان کی طرف رجحان بڑھ رہا ہے ‘ اسپیکر قومی اسمبلی

جمعرات 8 دسمبر 2016 21:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2016ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو امریکہ اور بھارت کی بجائے اندرونی طورپر زیادہ خطرات لا حق ہیں ،مخالفین کو لگتا ہے کہ سی پیک کے راستے وفاقی حکومت طے کر رہی ہے حالانکہ ایسا ہرگز نہیں ،منصوبے میں چین سرمایہ کاری کررہا ہے اور وہی اس کے روٹ طے کرتا ہے، یو رپ اور امریکہ کی بجائے ہمیں اپنے ملک کی مصنوعات کو فروغ دینا چاہیے ، روس کا پاکستان کی طرف رجحان بڑھ رہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ کشمیر میں امن ہو گا تو پاکستان میں امن ہو گا ،مقبوضہ کشمیر میںنہتے لوگوں پرشرے برسائے جا رہے ہیں ، میں نے 62ملکوں کی سپیکر یو نین میں بھارت کے مظالم کے خلاف قرار داد منظور کروائی۔

(جاری ہے)

پو ری دنیا کو کشمیر میں جا ری بھارتی بربریت اور انسانی حقوق کی پامالی سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پا کستان میں سرمایہ کا ری کے وسیع مواقع موجودہیں،اگر میڈیا پاکستان کا بہترین تشخص اجاگر کرے تو یہاں سرمایہ کا ری میں اضافہ ہوگا۔ ہمیں یورپ اور امریکہ کی بجائے ہمیں اپنے ملک کی مصنوعات کو فروغ دینا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ روس کا بھی پاکستان کی طرف رجحان بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے روس اور پاکستان کے تعلقات کا ایک نیا دور شروع ہو رہا ہے ۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ ہم دہشتگردی اور انرجی کے مسائل پر کافی حد تک قابو پا چکے ہیں ،لو ڈ شیڈنگ پر2018ء تک مکمل طورپر قابو پا لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے تمام تر سرمایہ کاری چین کر رہا ہے اور وہی اس کے گزرنے کے روٹ کاتعین کرتاہے ، ہمارے مخالفین کو لگتا ہے کہ سی پیک کے راستے وفاقی حکومت طے کر رہی ہے حالانکہ ایسا ہرگز نہیں ہے،چین کو سرمایہ کاری کے لئے جو راستہ محفوظ لگے گا وہی اس کا انتخاب کرے گا۔

پا ک چین اقتصادی راہداری میں چین کے نقطہ نظر کو بھی اہمیت دینا ہو گی کیونکہ وہ اتنی بڑی سرمایہ کا ری کر رہا ہے تو اس کابھی حق بنتا ہے کہ اس کا نقطہ نظر سنا جائے ۔ یہ بہترین وقت ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے فائدہ اٹھا یا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پا ک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو امریکہ اور بھارت کی بجائے اندرونی طورپر زیادہ خطرات لا حق ہیں ،عوام اور سیا سی جماعتوں کواس میں کردار ادا کرنا چاہیے اور اسے متنازعہ بنانے کی کو شش نہیں کی جانی چاہیے، پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے اپو زیشن جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے جس کی سربراہی وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال اور سینیٹر مشاہد اللہ خان کر رہے ہیں۔

سردار ایاز صادق نے پاکستانی فلم انڈسٹری سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دو سالوں کیلئے بھارت کی فلموں اور ڈراموں پر پابندی لگا دی جائے تو ہماری یہ پو ری صنعت اپنے پیروں پر کھڑی ہو جائے گی ۔