جنید جمشید نے دو نہیں، 3شادیاں کیں، 13 بار حج کی سعادت حاصل کرچکے،سماجی کارکن تھے،ملتان وجنوبی پنجاب میں خون کے عطیات دینے کے حوالے سے انہوں نے خاصا کام کیا تھا

معروف مذہبی سکالر جنید جمشید کے قریبی دوست صحافی ناصر محمود شیخ کی بات چیت

جمعرات 8 دسمبر 2016 21:09

جنید جمشید نے دو نہیں، 3شادیاں کیں، 13 بار حج کی سعادت حاصل کرچکے،سماجی ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 دسمبر2016ء) فضائی حادثے میں جاں بحق ہونیوالے جنید جمشید ماضی کے معروف پاپ سنگر اور موجود مذہبی سکالر تھے، ان کا نام دنیا کے 500 بااثر افراد کی لسٹ میں بھی شامل تھا۔ جنید جمشید مذہبی سکالر کے علاوہ معروف نعت خواں اور سماجی کارکن تھے اور 13 بار حج کی سعادت حاصل کرچکے تھے۔ملتان میں ان کے قریبی دوست اور سینئرصحافی ناصر محمود شیخ کے مطابق جنید جمشید نے 3 شادیاں کی تھیں ان کی بڑی بیگم عائشہ جنیدسے ان کے 3بیٹے اور ایک بیٹی ہیں۔

کچھ عرصہ پہلے ہی انھوں نے اپنے بڑے بیٹے تیمور جنید کی شادی دھوم دھام سے کی تھی۔ ان کی دوسری بیگم کا تعلق اسلام آباد اور حادثے میں جاں بحق ہونے والی نیہاجنید کا تعلق لاہور سے تھا۔ دونوں بیگمات سے ان کی کوئی اولادنہیں ہے۔

(جاری ہے)

جنید جمشید نے بطور پاپ سنگر بطورمذہبی سکالر اوربطور نعت خواں پاکستانی عوام کے دلوں پر راج کیا۔انھیں بے حد پسند کیا جاتا تھا وہ دوستوں کو بتاتے تھے کہ میں نے بطور پاپ سنگربھرا مجمع چھوڑ دیا تھا لیکن اللہ نے مجھ پر پھر مہربانی کی،میں جب مذہبی لیکچر کیلئے کہیں بھی جاتا ہوں تو اسی طرح مجمع اکٹھا ہوجاتا ہے اور توجہ سے اللہ کا ذکر سنتا ہے۔

جنوبی پنجاب میں خون کے امراض میں مبتلا بچوں کیلئے انھوں نے ناقابل فراموش خدمت سر انجام دی ہیں۔ ملتان میں انھوں نے متعدد بار تعلیمی اداروں میں ہونیوالی تقریبات میں شرکت کی اور نوجوانوں کو خون کے عطیات دینے کی اپیل کی تھی، خود بھی خون کا عطیہ دیا تھا۔