تربیتی پروگرام ایک مسلسل عمل کا نام ہے جو نہ صرف علم و ہنر بلکہ رویوں میں تبدیلی کی بھی عکاسی کرتا ہے‘رفیق رجوانہ

عام اور غریب آدمی کی خدمت اور پہلی فرصت میں ان کے مسائل کا حل نہ صرف دُنیا کی سرفرازی دیتی ہے آخرت بھی سنوارتی ہے‘گورنر پنجاب

جمعرات 8 دسمبر 2016 20:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ عام اور غریب آدمی کی خدمت اور پہلی فرصت میں ان کے مسائل کا حل نہ صرف دُنیا کی سرفرازی دیتی ہے بلکہ آخرت بھی سنوارتی ہے، آپ لوگ اس ملک کی علمی وجاہت ہیں آپکو اپنی صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف ملک کا نام روشن کرنا ہے بلکہ عوام کے دلوں میں اپنا مقام بھی پیدا کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سول سروسز اکیڈیمی میں 30ویں خصوصی تربیتی پروگرام مکمل کرنے والے افسران میں تقسیم اسنادکے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈیمی محترمہ عارفہ صبوحی، سول سروسز اکیڈیمی کے سابقہ ڈائریکٹر جنرلز ، فکلیٹی ممبران کے علاوہ تربیتی پروگرام مکمل کرنے والے افسران اور ان کے والدین اور عزیزواقارب کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ تربیتی پروگرام ایک مسلسل عمل کا نام ہے جو نہ صرف علم و ہنر بلکہ رویوں میں تبدیلی کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا اہم مقصد آپ لوگوں کو مستقبل کی ذمہ داریوں کے لئے تیار کرنا ہے جو آپ آگے جا کر اپنی عملی زندگی اور پیشہ وارانہ کاموں میں بروئے کار لائیں گے۔ گورنر پنجاب نے افسران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ جہاں ہوں گے وہاں عوامی مسائل اور عوامی معاملات بھی ہوںگے، مگر مجھے یقین ہے کہ آپ اپنی حدود کے اندر رہتے ہوئے اپنے فرائض اس طرح سے سرانجام دیں گے کہ لوگ آپ کو اپنا مونس وغمخوار سمجھیں اور اپنا ہمدرد جانیں۔

انہوں نے کہا کہ زندگی کے ابتدائی چند سال آپ کی پیشہ وارانہ زندگی میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ ملک آپ کی شناخت ہے اور آپ اس دھرتی کی شناخت ہیں اور یہاں کے مسائل کو حل کرنے میں جو سکون آپ کو میسر ہوگا وہ کسی اور طرح ممکن نہیں۔ انہوں نے سول سروسز اکیڈیمی کی انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے نے آج فارغ التحصیل ہونے والے افسران کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی نشو ونما اور موجودہ حالات کے تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے ان کی تربیت کے تمام تقاضے پورے کیے، یقینا مستقبل میں انہیں اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں سے بطریقِ احسن عہدہ برآء ہونے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر گذشتہ روز پی آئی اے کے طیارہ کے حادثے میں شہید ہونے والے افراد کے بلنددرجات اور مغفرت کے لئے خصوصی طور پردُعا کی گئی۔آخر میں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانے نے تربیتی پروگرام مکمل کرنے والے افسران میں اسناد تقسیم کیں۔ گورنر پنجاب کو ادارے کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈیمی محترمہ عارفہ صبوحی نے یادگاری شیلڈ بھی دی۔

متعلقہ عنوان :