سرکاری سکولوں میں مختلف ضروری سہولیات کی فراہمی پر اکیس ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی جاچکی ہے،محمدعاطف

جمعرات 8 دسمبر 2016 20:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2016ء)صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں میں مختلف ضروری سہولیات کی فراہمی پر اکیس ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی جاچکی ہے جبکہ گذشتہ تین سال کے دوران سرکاری سکولوں میں تیرہ سو سے زیادہ کمپیوٹر لیبز بنائے جاچکے ہیں جس سے سرکاری سکولوں میں پڑھنے والے غریب بچے بھی جدید دور کی تعلیمی سہولیات سے استفادہ کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نعروں کی بجائے عمل پر یقین رکھتی ہے اور نظام کی اصلاح اور اس میں مثبت تبدیلی کے لیے ہمارے اُٹھائے گئے اقدامات کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں ۔وہ آج چھیل بانڈہ میں شمولیتی اجتماع سے خطاب اور اپنے حلقہ نیابت کے مختلف سرکاری سکولوں کے دورے کے موقع پر عملے اور طالب علموںسے بات چیت کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلع کونسل کے رکن شاہد باچہ اور دیگر مقامی رہنما بھی موجود تھے۔

محمد عاطف خان سکولوں کے طلبہ سے ان کی پڑھائی کے بارے میں سوالات کئے اور ان کے مسائل معلوم کئے ۔اُنہوں نے کہا کہ ضلع مردان میں سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے خطیر رقوم فراہم کئے گئے ہیں ،اُنہوں نے محکمہ تعلیم کے حکام کو ہدایت کی کہ سکولوں میں تمام ضروری سہولیات کی فراہمی میں کسی صورت تاخیر نہ کی جائے ۔اُنہوں نے کہا سکولوں میں حاضری پہلے ہی کافی بہتر ہوچکی ہے تاہم اسے مزید بہتر اور دیرپا بنانے کے لیے ایک نیا نظام شروع کیا گیا ہے جس سے غیر حاضری کا کلچر مکمل طور پر ختم ہوجائے گا اور کام چور عملے کو تادیبی کاروائی کا سامنا کر نا پڑے گا ۔

سیاسی اجتماع سے اپنے خطاب میں عاطف خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے رشوت ،سفارش اور اقربا پروری کا نظام بدل دیا ہے محکمہ تعلیم اور پولیس سمیت مختلف محکموں میں ہزاروں نوکریاں خالص میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر دی گئی ہیں ۔پولیس کو سیاسی مداخلت سے پاک کیا گیا اور تھانوں میں رشوت اور ظلم کا نظام لپیٹ دیا گیا ہے ۔پولیس میں بھی جوبدہی کا نظام بنایا گیا ہے اور شکایت پر بھر پور کاروائی کی جاتی ہے ۔

ماضی میں سرکاری افسروں کو خوانین کے حجروں میں حاضریاں دینا پڑتی تھیں ہماری حکومت نے اداروں کو بااختیار بنادیا ہے کیونکہ اداروں کو مضبوط بنائے بغیر نظام تبدیل نہیں کیا جاسکتا ۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ صوبے کے دیگر علاقوں کی طرح مردان میں بھی ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں گرلز کیڈٹ کالج ، گرلز ماڈل سکول، گرانڈ سپورٹس کمپلکس سمیت سڑکوں اور پلوں کے منصوبے شامل ہیں اسی مردان میں خواتین یونیورسٹی میں کلاسز کا اجراء ہوگیا ہے اور رواں سال کے بجٹ میں دیگر منصوبوں کے ساتھ ساتھ تین فلائی اوورز ، کلچرل سنٹراور فوڈ سٹریٹ کے لیے ایک ارب روپے کی خطیر ترقم مختص کی گئی ہے ۔

اُنہوں نے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والوں کا مبارکباد دی اور کہا کہ ملک وقوم کا درد رکھنے والے تمام لوگ پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم پر جمع ہوچکے ہیں ۔