سپریم کورٹ کا غیر معیاری دودھ اور پانی فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا حکم ،رپورٹ طلب کر لی

عوام کی جانوں کیساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائیگی ،غیر معیاری دودھ اور پانی فروخت کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں کیمیکل والادودھ اورملاوٹ والے پانی کی فیکٹریاں بند کی جائیں، عدالت خالص دودھ اور معیاری پانی کے معاملے کی تہہ تک جائیگی ‘ ریمارکس ایک ماہ دے دیں ، تبدیلی نظر آئیگی ‘ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی /آپ ملاوٹ مافیا کیخلاف کارروائی کریں ہم سپورٹ کریں گے ‘ جسٹس ثاقب نثار ملاوٹ مافیا کو سخت سزا دینے کیلئے قانون سازی بہتر کر رہے ہیں‘پنجاب حکومت

جمعرات 8 دسمبر 2016 20:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2016ء) سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے غیر معیاری دودھ اور پانی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عوام کی جانوں کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ،غیر معیاری دودھ اور پانی فروخت کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ، عدالت خالص دودھ اور معیاری پانی کے معاملے کی تہہ تک جائے گی جبکہ پنجاب حکومت نے عدالت کو بتایا کہ ملاوٹ مافیا کو سخت سزا دینے کے لئے قانون سازی بہتر کر رہے ہیں ۔

گزشتہ روز سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے وطن پارٹی کی درخواست پر سماعت کی۔ بیرسٹر ظفر اللہ نے عدالت کو بتایا کہ عوام کو مضر صحت پانی اور دودھ پلایا جا رہا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

دودھ میں کیمیائی مادے استعمال کئے جاتے ہیں جن سے شہری موذی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ ناقص دودھ اور پانی کے معیار کو جانچنے کیلئے ملک میں معیاری لیبارٹری موجود ہی نہیں ہے ۔

غیر معیاری منرل واٹر کیخلاف گزشتہ 8 سالوں سے کیس لاہور ہائیکورٹ میں زیر التوا ہے لیکن اس پر فیصلہ نہیں ہو سکا۔پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل بیرسٹر قاسم چوہان پیش ہوئے اور بتایا کہ ملاوٹ مافیا کو سخت سزا دینے کے لئے قانون سازی بہتر کر رہے ہیں ۔سیکرٹری فوڈ آصف بلال لودھی اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل پیش ہوئے ۔

نورالامین مینگل نے عدالت سے درخواست کی کہ ایک ماہ دے دیں ، آپ کو تبدیلی نظر آئے گی ۔ جس پر فاضل عدالت نے کہاکہ آپ ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائی کریں ہم سپورٹ کریں گے ، قوم کے مستقبل کا معاملہ ہے ، ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائی کریں ۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی موثر نہیں ،مزید موثر بنائیں ۔فاضل عدالت نے ریمارکس دیئے کہ خالص دودھ اور معیاری پانی کی فراہمی مفاد عامہ کا معاملہ ہے ،خالص دودھ اور معیاری پانی فراہم نہ کرنے والے رعایت کے مستحق نہیں ،عدالت معاملے کی تہہ تک جائے گی ۔

جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ عوام کی جانوں کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،ملاوٹ والا دودھ اور پانی بیچنے والے مافیا ہیں،ان مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ فاضل عدالت نے حکم دیا کہ ملک میں کیمیکل والادودھ اورملاوٹ والے پانی کی فیکٹریاں بند کی جائیں۔ جس کے بعد کیس کی سماعت ایک ماہ کے لئے ملتوی کر دی گئی ۔

متعلقہ عنوان :