حکمران خونی تہوار بسنت کی اجازت دینے سے باز رہیں ‘ذکر اللہ مجاہد

ملک میں ہندوانہ اور مغربی کلچر کو فروغ دینے والے مخصوص طبقے کو پاکستانی قوم پر مسلط نہیں ہونے دیں گے

جمعرات 8 دسمبر 2016 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہاہے کہ حکمران خونی تہوار بسنت کی اجازت دینے سے باز رہیں۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوںنے جے آئی یوتھ لاہور کے زیر اہتمام بسنت کی اجازت دینے کے خلاف پریس کلب لاہور کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔احتجاجی مظاہرے سے سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور عبدالعزیز عابد،نائب صدر جے آئی یوتھ لاہور عدنا ن ملک ، علی عباس ، ڈپٹی سیکرٹری جے آئی یوتھ لاہور عبدالماجد اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ حکومتی وزراء کی جانب سے 14فروری کو بسنت میلہ سجانے کے اعلانات افسوناک اور قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خادم اعلیٰ اور ان کے وزراء بسنت جیسے خونی کھیل میں کیوں دلچسپی لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تاریخ گواہ ہے کہ بسنت جیسے خونی کھیل نے بہت سے گھروں کے چراغ گل کئے اور سینکڑوں معصوم لوگوں کی جانیں لیں اوربہت سے افراد کو ہمیشہ کیلئے معذور بنا دیا لہذا اس خونی اور جان لیوا کھیل کی اجازت ہر گزقابل قبول نہیں ہے۔

گذشتہ ادوار میں بسنت کے پروگراموں میں تمام تر احتیاطی تدا بیر کے باوجود جانی و مالی نقصان کونہیں روکا جاسکا ۔ذکر اللہ مجاہد نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ بسنت جیسے خونی اور غیر مذہبی تہوار کو منانے سے باز رہے اورشہر میںنوجوان نسل کی صحت وافزائش کیلئے پارکوں اورمیدانوں کی بہتری کیلئے عملی اقدامات اٹھائیںتاکہ نوجوان نسل صحت منداور مثبت کھیلوں کی طرف مائل ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے بسنت جیسے خونی کھیل کی اجازت کو واپس نہ لیا تو ہم اہلیان لاہور کے ساتھ مل کر پورے شہر میں احتجاج کرنے پر مجبور ہو ں گے ۔ بسنت منانے کا مطالبہ ہرگز عوامی نہیں ہے بلکہ چند مخصوص افراد کی مالی خواہشات کی تکمیل اور نام نہاد تفریح کے نام پر عریانی و فحاشی کا سامان ہے جو پاکستان جیسے اسلامی ملک میںقابل شرم ہے ۔

متعلقہ عنوان :