پی آئی اے کو سیاسی بھرتیوں کی آماجگاہ بنانے والوںکا بھی احتساب ہونا چاہیے ‘عبدالعلیم خان

قوم سو گوار ہے، منافع بخش ائیر لائن کو تباہی کے دھانے پر پہنچانے والوں کے خلا ف کمیشن بننا چاہیے پی ٹی آئی خاموش نہیں رہے گی ، پی آئی اے کا معاملہ اسمبلیوں میں اٹھائیں گے‘ ایم پی اے شعیب صدیقی

جمعرات 8 دسمبر 2016 19:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2016ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائن صحیح معنوں میں عالمی معیار کی حامل تھی جسے موجو دہ اور سابقہ حکمرانوں نے تباہی کے دھانے پر لا کھڑا کیا ہے ان عنا صر کے خلاف بھی کمیشن بننا چاہیے جنہوں نے اپنی کوتاہ اندیشیوں کے باعث معصوم شہریوں کی زندگیوں کو داؤ پر لگایا۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ کس قدر افسوس کی بات ہے کہ آج پی آئی اے کا موازنہ ایتھوپیا کی ائیر لائن سے کیا جا رہا ہے جبکہ ایک وقت تھا کہ قطر سمیت یہی پی آئی اے دوسرے ملکوں کی ائیر لائنز کو مدد فراہم کرتی تھی ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور نواز لیگ دونوں کی حکومتوں نے پی آئی اے کو سیاسی بھرتیوں کی آماجگاہ بنا دیا ان کا بھی کڑا احتساب ہونا چاہیے کیونکہ اگر یہ صورتحال نہ ہوتی تو ایسے المناک حادثوں سے بچا جا سکتا تھا ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ آج ساری قوم سوگوار ہے اور چترال کے سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت کیلئے دعاء گو ہے ۔عبدالعلیم خان نے مطالبہ کیا کہ طیارے کے اس حادثے کی روائیت سے ہٹ کر مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں اور ذمہ داران کا تعین کرکے ان کو قرار واقعی سزا دینی چاہیے۔تحریک انصاف کے ایم پی اے محمد شعیب صدیقی نے بھی پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے پر گہرے رنج وغم کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا کہ بے حس حکمرانوں کو اپنے عیش و آرام کے علاوہ کسی شے کی فکر نہیں یہی پی آئی اے وزیر اعظم کیلئے خالی جہاز کو لندن یاترا کراتے ہیں جبکہ اوور سٹافنگ کے ذریعے پی آئی اے کو لوٹ مار کا گڑ بنا دیا گیاہے ۔

شعیب صدیقی نے کہا کہ تحریک انصاف اس معاملے پر خاموش نہیں رہے گی اور پنجاب اسمبلی میں آواز بلند کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :