آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں بہ سلسلہ جشنِ ولادت رسولﷺ محسنِ انسانیت کانفرنس کا انعقادآج سے کیاجائے گا

جمعرات 8 دسمبر 2016 19:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2016ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں بہ سلسلہ جشنِ ولادت رسولﷺ محسنِ انسانیت کانفرنس کا انعقادآج (جمعہ) سہ پہر 3بجے سے کیا جارہا ہے جبکہ دو روزہ محفلِ سماع کا آغاز بھی آج شب9 بجے سے ہوگا جس میں ملک کے بین الاقوامی شہرت یافتہ قوال حضورؐ کو نذرانہ عقیدت پیش کریں گے۔ان خیالات کااظہارچیئر مین محسنِ انسانیت کانفرنس و محفل سماع محمد احمد شاہ نے جمعرات کو پریس کانفر نس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزیدکہاکہ کانفرنس میںتمام مکتبہ فکر کے معروف اسکالرز اور مفتی صاحبان شرکت کریں گے اور سیرت طیبہؐ کے حوالے سے اپنے مقالات پیش کریں گے۔احمد شاہ نے مزید کہا کہ مذہبی گروہ بندی سے پاکستان میں اقلیتوں کو بھی نقصان ہورہا ہے یہ کانفرنس کسی خاص گروہ یامسلک کے لئے نہیں بلکہ اس کانفرنس میں تمام مسالک اور فقہ سے تعلق رکھنے والے مفتیان ،علمائے کرام اور اسکالرز کومدعو کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کانفرنس میںسیرت طیبہؐ اور احترامِ آدمیت ، سیرتِ طیبہ فی القرآن، دہر میں اسم ِ محمد ؐ سے اجالا کر دے ، تصورِ علم و حکمت سیرتِ پاک کی روشنی میں ، سیرتِ طیبہ اور عدلِ اجتماعی، سیرتِ طیبہ اور ریاستی نظام ، سیرتِ طیبہ کی روشنی میں معاشی اُصول، سیرتِ طیبہ اور معاشرے کی تعمیراور وما ارسلنٰک اِلّا رحمتہ العالمین کے موضوعات پرمفتی منیب الرحمن، مفتی محمد زبیر ،مفتی عمران،علامہ رضی جعفر،ڈاکٹر نور احمد شاہ تاز،شجاع الدین شیخ،مفتی ارشاد،مولانا اسعد تھانوی اور مفتی نجیب اپنے مقالات پیش کر یں گے۔

کانفرنس تین اجلاسوں پر مشتمل ہوگی جس کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت مقبول ؐ سے کیا جائے گا۔کانفرنس کی نظامت انیق احمد انجام دیں گے۔اسی طر ح دو روزہ محفلِ سماع جمعہ اور ہفتے کی شب ۹ بجے منعقد ہوگی جس میں ملک کے معروف قوال صابری گروپ۔عظمت صابری، ابو محمد فرید ایاز، زمان تاجی قوال،محمد نجم الدین،نور الدین نظامی،توقیق احمد خان،محمد علی زمان ،اخلاق احمد نظامی و دیگرقوالی سے اپنی عقیدت پیش کریں گے۔

آرٹس کونسل کے صدر پروفیسر اعجاز احمد فاروقی نے کہا کہ ہم اپنے دور کا اختتام سیرت نبیؐ کی کانفرنس پر کررہے ہیں یہ ہمارے لئے ایک اعزاز کی بات ہے اس کانفرنس میں حویلیاں ہوائی جہاز سانحے میں شہید ہونے والے لوگوں کے لئے دعائے مغفرت بھی کی جائے گی۔ اس موقع پر صدر آرٹس کونسل پروفیسر محمد اعجاز احمد فاروقی،نائب صدر پروفیسر سحر انصاری، سیکریٹری ڈاکٹر ہما میر، خازن شہناز صدیقی اور اراکین گورننگ باڈی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :