دہشتگردی کی لعنت ختم کر نے اور قیام امن کیلئے دیگر ممالک کو اپنی تربیتی خدمات پیش کرتے رہیں گے، جنرل قمر جاوید باجوہ

ہمارے نئے قائم شدہ انسداد دہشتگردی تربیتی مرکز کو عالمی سطح پر تسلیم کیاگیا ہے، دیگر ممالک کی افواج کو پاک آرمی کے ساتھ تربیت کیلئے ترغیب مل رہی ہے، مشقوںکی سیریز سے بہترین تجربات کے تبادلے سے پاکستان اورچین کے فوجیوں کی انسداد دہشتگردی کی مہارت میں اضافہ ہواہے ۔ دونوں ممالک کی فوجیں ایک دوسرے کے ساتھ جڑ گئی ہیں اس سے خطے سے دہشتگردی کو ختم کرنے میں مدد ملے گی،پاک فوج کے سربراہ کا پبی میں انسداد دہشتگردی مرکز کا دورہ،پاک چین مشقوں کی اختتامی تقریب میں شرکت کی

جمعرات 8 دسمبر 2016 19:45

دہشتگردی کی لعنت ختم کر نے اور قیام امن کیلئے دیگر ممالک کو اپنی تربیتی ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2016ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم دہشتگردی کی لعنت ختم کر نے اور امن قائم کرنے کیلئے دیگر ممالک کو اپنی تربیتی خدمات پیش کرتے رہیں گے، ہمارے نئے قائم شدہ انسداد دہشتگردی تربیتی مرکز کو عالمی سطح پر تسلیم کیاگیا ہے اور دیگر ممالک کی افواج کو ہماری فوج کے ساتھ تربیت کیلئے ترغیب مل رہی ہے، مشقوںکی سیریز سے بہترین تجربات کے تبادلے سے پاکستان اورچین کے فوجیوں کی انسداد دہشتگردی کی مہارت میں اضافہ ہواہے ۔

دونوں ممالک کی فوجیں ایک دوسرے کے ساتھ جڑ گئی ہیں اس سے خطے سے دہشتگردی کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعرات کو قومی انسداد دہشتگردی تربیتی مرکز (این سی ٹی سی )پبی کا دورہ کیا اور ہائی پروفائل تربیتی مشقوں کا اختتامی سیشن دیکھا۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے دو ماہ تک جاری رہنے والی پاک چین مشقوں واریئر 4 کے آخری روز مشقوں کا معائنہ کیا جن میں دیہی اور شہری علاقوں میں انسداد دہشتگردی پر توجہ مرکوز کی گئی ۔

اس موقع پر افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ مشقوںکی سیریز سے بہترین تجربات کے تبادلے سے دونوں ممالک کے فوجیوں کی انسداد دہشتگردی کی مہارت میں اضافہ ہواہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی مشقوں سے دونوں ممالک کی فوجیں ایک دوسرے کے ساتھ جڑ گئی ہیں اور اس سے خطے سے دہشتگردی کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نئے قائم شدہ انسداد دہشتگردی تربیتی مرکز کو عالمی سطح پر تسلیم کیاگیا ہے اور دیگر ممالک کی افواج کو ہماری فوج کے ساتھ تربیت کیلئے ترغیب مل رہی ہے ۔

چیف آف آرمی سٹاف نے دوست ممالک کی طرف سے پاک فوج کے ساتھ تربیت میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے اور امن قائم کرنے کیلئے اپنی تربیتی خدمات پیش کرتے رہیں گے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے رینجرز پولیس اے ایس ایف اور دیگر سروسز کی تربیت پر ٹریننگ سینٹر کے سٹاف کوسراہا۔ بعد ازاں چینی ملٹری کمانڈر نے پاک فوج کو تربیت کے اعلیٰ ترین معیار اور مہارت پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک قیمتی اثاثہ ہے جس سے چین استفادہ جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کامیاب تربیت اور قربت سے دونوں ممالک کی طویل مدتی قابل اعتماد سٹریٹجک دوستی مزید مستحکم ہو گی۔ چیف آف آرمی سٹاف نے اپنی نوعیت کا پہلا لانگ رینج سنائپر شوٹنگ مقابلہ بھی دیکھا جس میں ملک بھر سے 100 سرفہرست سویلین اور ملٹری شوٹرز نے حصہ لیا۔ آرمی چیف نے بہترین شوٹرز کو انعامات سے نوازا مقابلے میں میجر جنید کو بہترین شوٹر قرار دیا گیا جنہوں نے سٹرائیکرز کپ جیتا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہدایت کی کہ نوجوانوں کو تربیت کے مزید مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ عالمی سطح پر شوٹنگ کے مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے کے قابل ہو سکیں۔ قبل ازیں انسداد دہشتگردی تربیتی سینٹر مرکز آمد پر آرمی چیف کا استقبال کمانڈر ون کور لیفٹیننٹ جنرل عمر فارروق درانی نے کیا۔

متعلقہ عنوان :