پنجاب حکومت پٹوار کلچر کے خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے‘ عطا محمد مانیکا

تمام تحصیلوں میںکمپیوٹرائزڈ اراضی ریکارڈ مراکزقائم ہو چکے ہیںجن سے ر شوت ستانی، جعل سازی،فراڈاور سرخ فیتے جیسی خرابیاں دور کرنے میں مدد مل رہی ہے‘صوبائی وزیر مال

جمعرات 8 دسمبر 2016 19:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2016ء) صوبائی وزیرمال عطا محمد مانیکا نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت پٹوار کلچر کے خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے اور اس مقصد کے لئے سب سے اہم منصوبہ پنجاب کی تمام تحصیلوں میں کمپیوٹرائزڈاراضی ریکارڈ مراکز کا قیام ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف کی قیادت پر ہمیں فخر ہے کیونکہ وہ اپنے عوام کی حقیقی خدمت کے لئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میںشفاف طریقے سے کم وقت میںلاکھوں ایکڑ اراضی کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرانا وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا تاریخی کارنامہ ہے ۔ اب پنجاب کے شہری قریبی اراضی ریکارڈ سنٹر سے اپنی زمین کے انتقال، فردِ ملکیت اور دیگر دستاویزات بلا رکاوٹ اور کم وقت میں حاصل کر سکتے ہیں اور انہیں پٹواری کے دفتر میں چکر لگانے سے نجات مل گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کمپیوٹرائزڈ نظام سے رشوت ستانی، جعل سازی،فراڈاور سرخ فیتے جیسی خرابیاں دور کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لئے یہ کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ اب آن لائن بھی فراہم کر دیا گیا ہے جس کی مدد سے پنجاب کے کسی بھی دیہات میں بیٹھا ایک شخص اپنی زمین کا کھیوٹ نمبردرج کر کے اصل ملکیت کا پتہ چلا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اراضی مراکز کی کارکردگی کو بڑھانے اور عوام کی شکایات کے ازالے کے لئے ان مراکز کی مانیٹرنگ کا نظام بھی بہتر بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرکاری زمینوں پر ناجائز قبضوں کا معاملہ بڑا سنگین ہے ۔ میری کوشش ہو گی کہ سرکاری زمینیوں سے ناجائز قبضے واگذار کرا کے انہیں محفوظ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے مطابق بہت جلد واضح پالیسی اپنائی جا ئے گی۔

متعلقہ عنوان :