صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان سے وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب کی ملاقات ‘ پاکستان کے ذرائع ابلاغ میں مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے متعلق کوریج کے لیے مناسب وقت مختص کرنے ، آزاد کشمیر ٹیلی ویژن مظفرآباد اور ریڈیو مظفرآباد کی اپ گریڈیشن اور ان کی نشریات کا دائرہ بڑھانے سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال

8 جولائی کے بعد سے پاکستان میڈیا نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و استبداد کو اجاگر کرنے ، بھارت کی طرف سے سرجیکل سٹرائیکس کے بے بنیاد دعوے کا پردہ چاک کرنے میں نہایت موثر کردار ادا کیا ہے‘صدر سردار محمد مسعود خان

جمعرات 8 دسمبر 2016 19:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 دسمبر2016ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان سے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات محترمہ مریم اورنگزیب کی ملاقات ، پاکستان کے ذرائع ابلاغ میں مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے متعلق کوریج کے لیے مناسب وقت مختص کرنے ، آزاد کشمیر ٹیلی ویژن مظفرآباد اور ریڈیو مظفرآباد کی اپ گریڈیشن اور ان کی نشریات کا دائرہ بڑھانے سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

صدر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ 8 جولائی کے بعد سے پاکستان میڈیا نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و استبداد کو اجاگر کرنے ، بھارت کی طرف سے سرجیکل سٹرائیکس کے بے بنیاد دعوے کا پردہ چاک کرنے میں نہایت موثر کردار ادا کیا ہے ۔

(جاری ہے)

میری خواہش ہے کہ پاکستان کا پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا مسئلہ کشمیر اور تحریک آزادی کشمیر کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کرنے کے لیے مذید موثر کردار ادا کرے ۔

اس سلسلے میں پرنٹ میڈیا کشمیر سے متعلق خصوصی صفحات اور الیکٹرانک میڈیا نشریات کا دورانیہ بڑھائے تا کہ بیرونی دنیا کے علاوہ اہل پاکستان بھی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے روشناس ہو سکیں۔ اور انہیں پتہ چلے کہ کشمیری قوم تکمیل پاکستان کے لیے جانیںقربان کر رہے ہیں۔ وہاں لاکھوں کے مجمعے پاکستان سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ کا نعرہ بلند کرتے ہیں اور نوجوان سبز ہلالی پرچم لہراتے ہیں ۔

صدر سردار مسعو د خان نے کہا کہ کشمیر کے انقلاب کا رنگ گہرا سبز ہے۔وہا ں شہید ہونے والو ں کو سبز ہلالی پرچم میں دفن کیا جاتا ہے۔ میڈیا میں تحریک آزادی کشمیر کی مناسب کوریج نہ ہونے کی وجہ سے یہا ں طرح طرح کی آوازیں بلند ہو رہی ہیں جو افسوسناک امر ہے۔آزادکشمیر حکومت محدود وسائل کے ساتھ ذرائع ابلاغ کے محاذ پر کمزور ہے۔اس لیے ہمیں حکومت پاکستان کی مدد درکار ہے ۔

علاوہ ازیں ملاقات میں مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔صدر سردار مسعود خان نے وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات کو بتایا کے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم اور کشمیری قوم کی نسل کشی کی مرتکب ہو رہی ہے۔وہاں 1245نوجوانوں کی آنکھیں کلی یا جزوی طور پر پیلٹ گن کے استعمال سے متاثرہوئی ہیں ۔

نوجوان لڑکے ہی نہیں لڑکیاں بھی بصارت سے محروم ہوئی ہیں ۔اس پر وزیرمملکت محترمہ مریم اورنگزیب نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔کشمیر کے بغیر پاکستان نظریاتی اور جغرافیائی لحاظ سے نا مکمل ہے ۔ ہم کشمیر ی بھائیوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔حکومت پاکستان کشمیر کے حوالے سے اصولی موقف پر قائم ہے۔وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے اقوام متحدہ سمیت عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر ہمیشہ جراتمندانہ انداز میں اجاگر کیا ۔

دنیا کے اہم ملکوں کے لیے خصوصی ایلچی بھیجے گئے۔محترمہ مریم اورنگزیب نے آزادکشمیر ٹیلی ویژن کی نشریات کا دورانیہ بڑھانے اورا سٹیشن کو اپ گریڈ کرنے خصوصاً ریڈیو مظفرآباد کے ٹرانسمیٹر کو اپ گریڈ کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ میری وزارت مسئلہ کشمیر کو عالمی اور ملکی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائے گی۔