Live Updates

تحریک انصاف کی جانب سے طیارہ حادثہ پر گہرے رنج وغم کا اظہار

حادثے میں 47افراد کی شہادت سے پوری قوم ہی افسردہ ہے ،حلیم عادل شیخ کی جنید جمشید کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 8 دسمبر 2016 19:06

تحریک انصاف کی جانب سے طیارہ حادثہ پر گہرے رنج وغم کا اظہار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2016ء) کراچی میں جنید جمشید کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے طیارہ حادثہ میں 47لوگوں کی شہادت پر دلی رنج وغم کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ جنید جمشید کے ساتھ انہوں نے کلین کراچی مہم میں مل کر کام کیا میں نے اس وقت انہیں بہت قریب سے دیکھا تھا وہ اہل کراچی کا درد رکھنے والا انسان تھا ،انہوں نے کہاکہ جنید جمشید نہ صرف ایک بہترین انسان بلکہ وہ ایک عظیم مذہبی اسکالر بھی تھے ہمیں ان کے ساتھ ان کی اہلیہ کی شہادت پر بھی دکھ ہے مگر یہ حقیقت ہے کہ جنید جمشید کی مذہبی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،حلیم عادل شیخ نے طیارہ حادثہ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ حادثات ایسے ہی نہیں ہوجاتے یقیناً اس کے پیچھے کسی نہ کسی غلطی کا عمل دخل ہوتا ہے مگر ہم یہ بات اچھی طرح جانتے ہیں کہ پی آئی اے یا سول ایوی ایشن کا چیک اینڈ بلینس کس قسم کا ہے،انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ اس حادثے کی مکمل تحقیقات کا ہونا بہت ضروری ہے تاکہ جو 48خاندان اس سانحے کی وجہ سے اجڑے ہیں ان کے دکھوں کا کچھ نہ کچھ مداوا ممکن ہوسکے ،انہوں نے کہاکہ اس سانحے سے میں خود بھی بہت غمزدہ ہو دل خون کے آنسو رورہاہے جبکہ اس خبر سے پوری قوم ہی افسردہ ہوچکی ہے ۔

(جاری ہے)

کیونکہ یہ ملکی تاریخ کا ایک المناک سانحہ ہے ملک میں اس قسم کے بہت سے سانحات کا ہونا معمول سا بن چکاہے مگر ہماری حکومتی مشینری کسی کام کی نہیں ہے ،اگر اس سانحے کے اصل ذمہ داروں کو کیفرکردار تک نہیں پہنچایا گیا تو اس قسم کے واقعات کو روکنا بہت مشکل ہوجائے گا،انہوں نے مزید کہاکہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ غمزدہ خاندانوں کی بھرپورمالی مدد کا اعلان کرے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات