پاک بحریہ کا جہاز عالمگیر خیر سگالی دورے پر روس کی بندر گاہ نوووروسیاسک پہنچ گیا

جمعرات 8 دسمبر 2016 19:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2016ء) پاک بحریہ کے جہاز وقتاً فوقتاً دوست ممالک کی بندر گاہوں کا دورہ کرتے رہتے ہیں۔پاک بحریہ کا جہازپی این ایس عالمگیر روس کے خیر سگالی دورے پر ہے جو روس کی بلیک سی پورٹ نوووروسیاسک پہنچا۔ نووروسیاسک بندر گاہ پہنچنے پر رشین کوسٹ گارڈ کے جہاز نے پی این ایس عالمگیر کا خیر مقدم کیا۔

روس کی بحریہ اور شہری انتظامیہ کے اہلکاروں نے پاک بحریہ کے جہاز کو گرم جوشی سے خوش آمدید کہا۔ نووروسیاسک نیول بیس کے ڈپٹی کمانڈر اور ماسکو میں پاکستان کے دفاعی اتاشی نے پی این ایس عالمگیر کا استقبال کیا۔ پی این ایس عالمگیر کی بندرگاہ آمد کے موقع پر روایتی استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں روس کی بحریہ کے دستے نے حصہ لیا جبکہ ملٹری بینڈ نے مختلف مسحور کن دُھنیں بجائیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف( پر سنیل) ریئر ایڈمرل محمد فیاض جیلانی نے اس موقع پرپاک بحریہ کی نمائندگی کی۔استقبالی تقریب میں مقامی میڈیا کے نمائندگان بھی موجود تھے جنہوں نے تقریب کے آخر میں ریئر ایڈمرل محمد فیاض جیلانی اور جہاز کے کمانڈنگ آفیسر سے بات چیت کی۔بندرگاہ کے خیر سگالی دورے کے بعدپی این ایس عالمگیر روس کی بحریہ کے جہازوں کے ساتھ باہمی مشق میں بھی حصہ لے گا۔

متعلقہ عنوان :