ڈاکٹرعاصم کے خلاف کرپشن سے متعلق ریفرنسز کی سماعت وکلا کی عدم حاضری کے باعث14 دسمبر تک ملتوی کردی

جمعرات 8 دسمبر 2016 19:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2016ء) احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم کے خلاف دائر 462 ارب اور جے جے وی ایل میں 17 ارب روپے کرپشن سے متعلق ریفرنسز کی سماعت وکلا کی عدم حاضری کے باعث14 دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔جمعرات کوکراچی احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم کے خلاف دائر462 ارب اور جے جے وی ایل میں 17 ارب روپے کرپشن سے متعلق ریفرنسز کی سماعت ہوئی۔

عدالت میں ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ نیب نے نقشے تبدیل کر کے پیش کئے ہیں۔ یہ فراڈ کا کیس ہے ۔نیب پر فراڈ کا کیس چلایا جائے۔ مجھ پر جھوٹے الزامات لگائے گئے ہیں۔ بعدازاںعدالت نے 462 ارب اور جے جے وی ایل میں 17ارب روپے کرپشن سے متعلق دائر ریفرنسز کی سماعت وکلا کی عدم حاضری کے باعث 14 دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔سماعت کے موقع پر پیپلز پارٹی کے کارکنان کی بڑی تعداد عدالت کے باہر موجود تھی۔

(جاری ہے)

سماعت کے بعد ڈاکٹر عاصم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے مجھے کراچی کا صدر بنایا۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کارکنان کی خدمت کی ہے۔ ہم ملک بدلیں گے اور بے روزگاری کا خاتمہ کریں گے۔ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میں پیپلز پارٹی کا حصہ ہوں۔ انہوںنے کہا کہ وقت بدلتا ہے ۔حالات بدلتے ہیں ۔ہاتھوں کی لکیریں تک بدل جاتی ہیں گزشتہ روز جو حادثہ ہوا اس پر بہت دکھ ہے ۔حکومت کو چاہئے کہ وہ ایسے انتظامات کریں کہ ایسے حادثات پیش نہ آئیں۔