سندھ ہائی کورٹ ،لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق دائر درخواست پر محکمہ داخلہ ،آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز کو نوٹس جاری

عدالت کا ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ پر برہمی کا اظہار،آپ کا محکمہ کیا کررہا ہے ،آپ کو کیا پتہ جب کسی کے گھر سے کوئی غائب ہوتا ہے تو گھر والوںپرکیا گذرتی ہے،ریمارکس

جمعرات 8 دسمبر 2016 19:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2016ء) سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق دائر درخواست پر محکمہ داخلہ ،آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز کو دو ہفتوں کے لئے نوٹس جاری کر دئے ہیں۔جمعرات کوسندھ ہائی کورٹ کے جسٹس فاروق شاہ پر مشتمل دو رکنی بینچ کی عدالت میں لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت ہوئی۔

عدالت میں ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ پیش ہوئے ۔

(جاری ہے)

عدالت نے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا محکمہ کیا کر رہا ہے ۔آپ کو کیا پتہ جب کسی کے گھر سے کوئی غائب ہوتا ہے تو گھر والوںپرکیا گذرتی ہے۔ ہفتے میں ایک بار مسنگ پرسن کیس لازمی لگتا ہے۔ آپ لوگ اتنی نااہلی دکھاتے ہیں اگر آپ کے گھر سے کوئی غائب ہو پھر آپ کو پتہ چلے گاکہ لوگوں پر کیا بیتی ہے۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ اور پولیس کی جانب سے وہ ہی پرانی تحریری رپورٹ پیش کی جاتی ہے اور چلے جاتے ہیں۔ عدالت کا کہنا تھا کہ کچھ کام ثواب کی نیت سے بھی کر لیا کریں۔ عدالت نے محکمہ داخلہ آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز کو دو ہفتوں تک کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ہے۔

متعلقہ عنوان :