حکومت نے بنیادی حقوق کیلئے قانون سازی اور اقدامات پر خصوصی توجہ دی ہے، سکندر حیات خان

جمعرات 8 دسمبر 2016 18:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2016ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے سماجی بہبود و ترقی خواتین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے بنیادی انسانی حقوق کے تمام پہلوئوں کیلئے قانون سازی اور اقدامات پر خصوصی توجہ دی ہے اور بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس سلسلے میں حکومت خیبر پختونخوا کو ہر قسم کا تعاون فراہم کرے تاکہ خواتین ،بچوں ،معزروںاور بزرگ شہریوں سمیت تمام انسانوں کو ان کے حقوق ملنے میں آسانی ہو اور ایک باعزت اور پرسکون معاشرہ تشکیل پا سکے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹوریٹ آف سوشل ویلفیئر پشاور میں "بولوہیلپ لائن" کا باقاعدہ افتتاح کر نے کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میںآسٹریلین ہائی کمشنر پاکستان محترمہ مارگریٹ ایڈمسن ، ٹروکیرکے کنٹری ڈائریکٹر جان او برئین ،پارلیمانی سیکرٹری برائے سوشل ویلفیئر دینا ناز خٹک ،محکمہ سوشل ویلفیئر کے اعلیٰ حکام ،مختلف بین الاقوامی و قومی غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

صوبائی وزیر نے بولو ہیلپ لائن کے قیام کو صوبے کی ستم زدہ مصیبت زدہ اور مظلوم خواتین کو ان کے حقوق اور سہولیات فراہم کرنے کیلئے سنگ میل قرارد یتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے خواتین کو معاشرتی ناانصافیوں ، صنفی تشدد ، حقوق سے محرومی کے خلاف جدوجہد سمیت مفت قانونی مدد ، معلومات ،مشاورت اور رہنمائی حاصل ہو سکے گی جس سے نہ صرف خواتین کے بنیادی حقوق محفوظ ہونگے بلکہ پرامن اور مساویانہ روایات پر مبنی معاشرتی نظام کے قیام میں بھی مدد ملے گی۔

وزیر سماجی بہبود نے تقریب کو بتایا کہ موجودہ حکومت صوبے میں مظلوم خواتین ،خصوصی بچوں اور بزرگ شہریوں کی مکمل تفصیلات حاصل کرنے کیلئے ایک جامع منصوبے پر عمل کررہی ہے جس کے نتیجے میں صوبہ بھر کے تمام طبقات کے بارے میں ایک مکمل ڈیٹا بیس تشکیل پائے گاجس کے تحت مظلوموں تک رسائی میں آسانی ہو گی۔انہوں نے تمام متعلقہ حکام اور تنظیموں کو ہدایت کی کہ وہ پریشانی و مشکلات سے دوچارلوگوں کے کوائف کو صیغہ راز میں رکھ کر ان کی فوری مدد کریں تاکہ وہ ظالموں کی گرفت میں نہ آئیں۔

انہوں نے اس سلسلے میں خواتین کے حقوق سے متعلق کمیشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت قانون سازی کے ذریعے خواتین سمیت تمام طبقات کو مضبوط بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے ۔انہوں نے تقریب کے شرکاء کو خواتین ،بچوں ،خصوصی افراد اور معمر شہریوں کے حقوق اور خدمت کیلئے کام کرنے کے سلسلے میں صوبائی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

تقریب سے آسٹریلین ہائی کمشنر سمیت دوسروں نے بھی خطاب کیا اور خواتین کے حقو ق کے سلسلے میں خیبر پختونخوا حکومت کے اقدامات کو سراہااور یقین دلایا کہ پرامن معاشرے کے قیام کیلئے صوبائی حکومت کے ہر اقدام کو وہ سپورٹ کریں گے۔مقررین نے معاشرے میں خواتین کے کردار ،اہمیت اور ان کو درپیش مسائل پر تفصیلی بحث کی۔ اس موقع پر بولو ہیلپ لائن 0800-22227کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ ۔بعد آزاں مختلف شعبوں میں بہترین خدمات پر مختلف افراد میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں ۔قبل ازیں گزشتہ دن حویلیاں ہوائی جہاز کے المناک حادثے میں شہید ہونے والے افراد کیلئے اجتماعی فاتحہ خوانی کی گئی اور انکے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :