کوہاٹ میں انٹی پولیو قطرے پلانے کی چار روزہ مہم 19دسمبرسے شروع ہوگی،ڈی سی کوہاٹ

جمعرات 8 دسمبر 2016 18:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2016ء) ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ظاہر شاہ نے محکمہ صحت کے حکام کوسختی سے ہدایت کی ہے کہ پولیو مہم کے ا ہداف حاصل نہ کرنے والے ایریا انچارج کی تنخواہوں سے ایک دن کی کٹوتی جبکہ غلط اعداد و شمار دینے والوں کے خلاف فور ی طور پر کارروائی کر کے انہیں رپورٹ پیش کی جائے ۔یہ ہدایات انہوں نے اپنے دفتر میں ضلعی انسدادپولیوکمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔

اجلاس میں پولیو کو ہر لحا ظ سے کامیاب بنانے کے لئے کئی اہم فیصلے کئے گئے اور متعلقہ حکام پر واضح کیا گیا کہ پولیو ایک قومی مسئلہ ہے اور اس پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ نیشنل سٹاپ آفیسر ڈاکٹر شعیب خٹک نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 19دسمبر سے شروع ہونیوالے چار روزہ مہم میں کوہاٹ کے پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے تک رسائی یقینی بناکرانٹی پولیو قطرے پلا ئے جائیںگے جسکی مانیٹرنگ کے لئے باقاعدہ ٹیمیںتشکیل دی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیںاو رانہیں عمر بھر اپاہج ہونے سے بچانا ہمارا قومی فریضہ ہے لہذ ا والدین انٹی پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور پانچ سے کم عمر کے تمام بچوں کو پولیوقطرے ضرور پلوائیں۔انہوں نے کہا کہ انٹی پولیوقطرے مہم ایک اہم قومی کاز ہے جس کی کامیابی کے لئے مربوط کوششوں کی اشدضرورت ہے لہذ ا کسی متعلقہ ادارے یا اہلکار کی جانب سے اس سلسلے میںکوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :