عوام دوست پالیسیوں اور بہتر طرز حکمرانی کی بدولت عوام کے بنیادی مسائل کافی حد تک حل ہوئے ہیں،شاہ فرمان

پی ٹی آئی کا منشور عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لانا ہے ، صوبے کے مختلف شعبوں کو اصلاحات کے ذریعے فعال بنایا گیاہے،صوبائی وزیر خیبر پختونخوا

جمعرات 8 دسمبر 2016 18:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2016ء)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے آبنوشی شاہ فرمان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ صوبائی حکومت کو عوام دوست پالیسیوں اور بہتر طرز حکمرانی کی بدولت عوام کے بیشتر مسائل حل ہوئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ دیگر سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے کارکنان و عہدیداران اپنی پارٹیوں سے مستعفی ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ پی کے 10-کے علاقہ اضاخیل میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر عالم میر آباد، جامداد،حاجی الف گل، زرشاد، جہانگیر ،مستففیٰ خان، خان افضل،زرتاج ،عبدالباقی ،سید رحمن ،صادق ،ظہور، حمزہ، زرولی خان اور احسان الله نے دیگر سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہو کر اپنبے سینکڑوں اقارب سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی جبکہ تقریب میں پی ٹی آئی کے عہدیداران، معززین علاقہ اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر شمولیت اختیار کرنے والے نئے کارکنوں کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ پی ٹی آئی کو مضبوط اور فعال بنانے اور علاقے کے عوامی مسائل حل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا منشور عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لانا ہے اور اس مقصد کیلئے صوبے کے مختلف شعبوں کو اصلاحات کے ذریعے فعال بنایا گیاہے جو عوامی امنگوں کے مطابق اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ خدمات تک رسائی اور اطلاعات تک رسائی جیسی موثر قانون سازی سے بدعنوانی اور ناانصافی کے تدارک کے ساتھ ساتھ بنیادی مسائل بروقت حل ہونا شروع ہوئے ہیں اور صوبے میں ایک مثالی طرز حکومت کو روایت قائم ہوئی ہے۔