ڈیر ہ اسماعیل خان ،انسداد دہشتگردی عدالت نے گرفتار دو ملزمان کو شک کو فائدہ دے کر کیس سے بری کردیا

جمعرات 8 دسمبر 2016 18:47

ڈیر ہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2016ء)انسداد دہشتگردی عدالت نے 19اپریل 2014کے تھانہ صدر کی حدود میں پیش آنے والے دہشتگردوں اور پولیس کے درمیان مقابلے کے مقدمے میں گرفتار دو ملزمان کو شک کو فائدہ دے کر کیس سے بری کردیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت ڈیرہ نے 19اپریل 2014کے دہشتگردوں اور پولیس کے درمیان مقابلے کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے کیس میں گرفتار دو ملزمان فہیم ولد عظیم بخش سکنہ وانڈہ حقنواز ڈیال روڈ اور وقار احمد ولد ذوالفقار سکنہ گڑھی سدوزئی کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے کیس سے بری کردیا ۔

19اپریل 2014کو تھانہ صدر کی حدود میں ڈیال روڈ پر زیر تعمیر روز مارکیٹ کے قریب گشت پر جانے والی پولیس موبائل پر فائرنگ کی گئی جس کے دوران ایڈیشنل ایس ایچ او صدر عبدالحمید زخمی ہوگئے جبکہ پولیس کی فائرنگ سے پولیس کو دہشتگردی کے متعدد مقدمات میں مطلوب اشتہاری ملزم فضل الرحمن مارا گیا جبکہ دو دہشتگرد موقع سے فرارہوگئے ۔پولیس نے موقع سے ایک پستول 9mm،چار میگزین وغیرہ برآمد کئے تھے بعد میں پولیس نے اس کیس میں فہیم اور وقار کو گرفتار کیا جن کو عدالت نے بری کردیا ۔