جیٹرو کی جانب سے منعقدہ جاپان بزنس نمائش 2016کو بھرپور پزیرائی حاصل

جمعرات 8 دسمبر 2016 17:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 دسمبر2016ء) کراچی میں منعقد ہونے والی 2روزہ جاپان بزنس نمائش 2016کو بھرپور پزیرائی حاصل ہوئی۔اس نمائش میں کاروباری پیشے سے وابستہ افراد ، سرکاری شخصیات سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افرادنے نمائش پر پیش کی گئی جاپانی مصنوعات کو بھرپور سراہا۔فارماسیوٹیکل ، کنسٹرکشن، ٹرانسپورٹ، آٹو موبائل، انڈسٹریل مشینری، ٹیکسٹائل، پینٹ اور دیگر مصنوعات تیار کرنے والی جاپانی کمپنیوں نے نمائش میں اپنی مخصوص مصنوعات پیش کیں۔

مختلف کاروباری شخصیات کی جانب سے جاپانی کاروں، موٹر سائیکلز، ہیلتھ کیئر، فارما، کیمیکلز، سٹیل،مشینری اور دیگر جاپانی مصنوعات میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔انکی جانب سے اس نمائش کے منتظمین کو اس کامیاب ایونٹ کے انعقاد اور مختلف جاپانی کمپنیوں کو ایک جگہ اکھٹاکرنے پر مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

نمائش میں جاپانی ثقافت کے رنگوں نے آنے والوں کے لئے خوشگوار ماحول پیدا کیا۔

نمائش میں جیٹرو بوتھ بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز رہا ۔لوگوں نے جاپانی مارکیٹ اور جاپانی مصنوعات کے بارے میں خاصی دلچسپی لی اور جاپانی مارکیٹ میں پاکستانی برانڈز کے لئے مواقعوں کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔جیٹرو کے کنٹری ڈائیریکٹر اوساموہساکی کا کہنا تھاکہ پاکستان ایک پرکشش مارکیٹ ہے اور جیٹرو کے سروے کے مطابق جاپانی کمپنیاں پاکستان میں کاروبار کو مزید فروغ دینے کے لئے تیار ہیں۔

مختلف کمپنیوں کی انتظامیہ اور کارپوریٹ سیکٹر کے اہم افراد نے نمائش کا دورہ کیا اور اہم کاروباری میٹنگز بھی کی گئیں اور اس پلیٹ فارم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کاروبار کو مزید وسعت دینے کیلئے مختلف معاہدے بھی کئے گئے۔80سے زائد جاپانی کمپنیاں یا جاپانی کمپنیوں سے منسلک کمپنیاں پاکستان میں کام کر رہی ہیں۔ جیٹرو جاپان حکومت کی تجارت اور سرمایا کاری کے حوالے سے نمائندہ تنظیم ہے۔ جس کی جانب سے ہمیشہ پاکستان اور جاپان کی بزنس کمیونیٹی کے درمیان فاصلے کم کرنا ترجیحات میں شامل ہے تاکہ دونوں ممالک کو معاشی فوائد حاصل ہو سکیں۔