غیر ملکی سفارتکاروں کے وفد کا سول سیکرٹریٹ کا دورہ، پنجاب حکومت کے ترقیاتی وژن کی تعریف

ْ صوبائی حکومت ترقی کے جامع ایجنڈا پر عمل پیرا ہے ‘چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید

جمعرات 8 دسمبر 2016 16:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2016ء) غیر ملکی سفارتکاروں کے 39رکنی وفد نے جمعرات کے روز پنجاب سول سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن(ریٹائرڈ) زاہد سعید نے وفد کا استقبال کیا۔ غیر ملکی سفارتکاروں کو صوبے میں ترقیاتی منصوبوں،سرمایہ کاری کے مواقع، مختلف شعبوں میں اصلاحات اور امن وامان کی صورتحال بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن(ریٹائرڈ) زاہد سعید نے کہا کہ صوبائی حکومت ترقی کے جامع ایجنڈا پر عمل پیرا ہے اور وفاقی حکومت کے تعاون سے ٹرانسپورٹ، زراعت، صحت، انفراسٹرکچر کے شعبوں میںانقلابی منصوبے شروع کئے گئے ہیں جس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ کی ترقی کے لئے کسانوں کو بلا سود قرضے اور سمارٹ فونز فراہم کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، و فود کے تبادلے سے صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ وفد نے میزبانی پر چیف سیکرٹری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت کے ترقیاتی منصوبے، ٹرانسپورٹ، زراعت، صحت، اور انفراسٹرکچر کے شعبوں کی ترقی کیلئے اقدامات مثالی ہیں۔اس موقع پر چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات،داخلہ ، ٹرانسپورٹ کے محکموں کے سیکرٹریز اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :