ووٹ کا صحیح اور منصفانہ استعمال عادل قیادت کی صورت میں سامنے آتاہے،میاں محمد شفیع

جمعرات 8 دسمبر 2016 16:17

سرگودھا۔8 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2016ء) خصوصی جج برائے الیکشن ٹریبونل سرگودہا ڈویژ ن میاں محمد شفیع نے کہا ہے کہ ووٹ ا یک امانت ہے او را س صحیح اور منصفانہ استعمال کا نتیجہ شفاف اور عادل قیادت کی صورت میں سامنے آتاہے ۔ عام آدمی میں اس امانت اور حق رائے دہی کے بارے میں مثبت شعور ملک وقوم کی ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے کہا کہ عام آدمی کو ووٹ کی ا ہمیت کا ادراک ہونا چاہیے تاکہ وہ اپنے اس قومی فریضہ کا درست استعمال کرنے کے قابل ہوسکیں۔ ڈویژنل الیکشن کمشنر مہر عابد حسین سرگانہ نے کہاکہ رائے شماری کی شرح میں اضافہ کیلئے شہری ودیہی سطح پر الیکشن کمیشن عام آدمی میں شعور کی بیداری کیلئے تربیتی پروگرام کا اجراء کر رہاہے ۔

(جاری ہے)

جبکہ الیکٹرول سسٹم کے رواج کے ساتھ ساتھ عوام کو اپنے حق رائے دہی کے استعمال میں سہولیات کیلئے کئی اقدامات کی طرف گامزن ہے ۔ قیصرہ اسماعیل نے زور دیا کہ دیہی علاقوں میں خواتین رائے دہندگان کی شرح میں اضافہ کیلئے ووٹ کی اہمیت اجاگر کرنا بے حد ضروری ہے ۔ اقلیتی نمائندے مشتا ق گل نے کہاکہ ملکی ترقی میں اقلیتوں کا کردار مثالی ہے ۔ انہوںنے اقلیتوں کے ووٹ کی اہمیت او راغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی۔

جبکہ میجر ریٹائرڈ شہباز احمد باجوہ نے بائیو میٹرک سسٹم کو عملاً رائج کرنے کی ضرور ت پر زور دیا تاکہ جمہوری عمل کو شفاف بنایاجاسکے ۔ ڈائریکٹر کالجز محبوب رانا نے انتخابی عمل میں محکمہ تعلیم کے کردار کو اجاگر کیا او رکہاکہ خواندگی میں اضافہ جمہوری عمل کی پختگی کا باعث بن سکتاہے ۔ خالد وحید پراچہ نے زور دیا کہ ووٹ کیلئے پڑھے لکھے صاحب فراست افراد کا حق رائے دہی کیلئے باہرنکلنا ملک کو شفاف قیادت کی فراہمی کیلئے انتہائی ضروری ہے ۔

قبل ازیں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر خوشحال زادہ نے نیشنل ووٹ ڈے کے حوالہ سے تفصیل بتائیں اور خطبہ استقبالیہ پیش کیا ۔ ا س موقع پر ڈائریکٹر کالجز محبوب رانا ‘ ریجنل الیکشن کمشنر مہر عابد حسین سرگانہ ‘ مشتاق گل ‘ خالد وحید پراچہ ‘ میجر ریٹائرڈ شہباز احمد باجوہ ‘ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر خوشحال زادہ ‘ پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم ‘ محترمہ قیصرہ اسماعیل ‘ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر ‘ طلباء وطالبات اور شہریوں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :