سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کا قومی ائیر لائن کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار

جنید جمشید کی دینی و قومی خدمات کو تاریخ کے اوراق میں سنہر ی حروف میں لکھا جائیگا‘سردار ایاز صادق ‘ مرتضیٰ جاوید عباسی

جمعرات 8 دسمبر 2016 15:05

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے گزشتہ رات حویلیاں کے قر یب حادثے کا شکار ہونے والے قومی ائیر لائن کے بد قسمت طیارے میں ہونے والے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔سپیکر اور ڈپٹی سپیکر نے اپنے علیحدہ علیحد ہ تعزیتی بیانات میں اس المناک حادثے میں جان بحق ہونے والوں کے پسماندہ گان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حادثے پرپوری قوم غمگین ہے اور ان کے دکھ میں برابر کی شر یک ہے ۔

(جاری ہے)

سپیکر و ڈپٹی سپیکر نے معروف مذہبی سکالر اور نعت خواں جنید جمشید جو اس بد قسمت طیارے کے حادثے میں شہید ہونے والوں میں شامل ہیںکی مذہبی اور قومی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنید جمشید کے انتقال سے ملک ایک سچے عاشق رسول ﷺاور محب وطن پاکستانی سے محروم ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ جنید جمشید کی دینی و قومی خدمات کو تاریخ کے اوراق میں سنہر ی حروف میں لکھا جائے گا ۔سپیکر و ڈپٹی سپیکر نے اللہ تعالی سے اس حادثے میں جان بحق ہونے والوں کی روحو ں کے ایصال ثواب اور پسماندہ گان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کر نے کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی ۔