پاکستان خطے کی خوشحالی کے لئے سارک کے مقاصد کے حصول پر یقین رکھتا ہے

وزیراعظم محمد نواز شریف کا سارک کی 31 ویں سالگرہ ، 32 ویں سارک چارٹر ڈے کے موقع پر پیغام

جمعرات 8 دسمبر 2016 13:57

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے کی خوشحالی کے لئے جنوبی ایشیائی تنظیم برائے علاقائی تعاون (سارک) کے مقاصد کے حصول پر یقین رکھتا ہے۔ وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار سارک کی 31 ویں سالگرہ اور 32 ویں سارک چارٹر ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر وہ سارک کے تحت مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے مل کر چلنے اور سارک کے مقاصد کے حصول کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سارک کا بانی رکن ہونے کی حیثیت سے سارک چارٹر کے اصولوں پر کاربند ہے اور اسی جذبے کے تحت پاکستان نے 19 ویں سارک سربراہ کانفرنس کی میزبانی کی تیاریاں کیں تاہم کانفرنس کے التواء سے علاقائی تعاون، ترقی و خوشحالی کے امکانات کے حوالے سے عوام ایک بار پھر محروم ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے سارک کی 31 ویں سالگرہ اور سارک چارٹر ڈے کی 32 ویں سالگرہ پر سارک کے رکن ممالک کے عوام کو مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اس جذبے کے اظہار کے طور پر مناتے ہیں جس کا اعتماد عوام نے ہمارے رہنمائوں پر کیا اور انہوں نے سارک چارٹر کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے کام کیا اور اسی کے نتیجہ میں بعد میں سارک کا قیام عمل میں آیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج سے تین عشرے سے زائد عرصہ سے پہلے انہوں نے مشترکہ علاقائی کاوشیں کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور اپنے عوام کے بہتر معیار زندگی کے لئے کوششیں تیز کیں تاہم وزیراعظم نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ سارک کے مقاصد حاصل کرنے میں وہ کامیابی حاصل نہیں ہوئی تھی جس کا تصور کیا گیا تھا اور اپنے عوام کی ترقی و خوشحالی کا مقصد حاصل کرنے کے لئے جو وعدے کئے گئے تھے وہ پورے نہیں ہوئے۔

وزیراعظم نے جنوبی ایشیاء کے عوام کے امن، خوشحالی اور ہم آہنگی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :