پی آئی اے حادثہ‘ کفن، تابوت اور منتقلی کرایہ پر اٹھنے والے تمام اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی،پرویز خٹک

جمعرات 8 دسمبر 2016 13:57

پشاور۔08دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواپرویز خٹک کی خصوصی ہدایات پر پی آئی اے حادثہ کے تمام ملنے والی لاشوں کے لئے کفن، تابوت اور منتقلی کرایہ پر اٹھنے والے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ انہوں نے اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے کو تمام تر انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے نے جان بحق افراد کی لاشوں کو ایوب میڈیکل کالج منتقل کرنا شروع کردیا ہے۔

جن کی شناخت کے لئے نادرا کی خصوصی ٹیمیں بھی بمع بائیو میٹرک سسٹم وہاں موجود رہے گی۔ شناخت کے بعد تمام لاشوں کو ورثاء کے پتے پر روانہ کردی جائینگی۔جبکہ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے رسیکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ سیکرٹری ریلیف احمد حنیف اورکزئی نے رسیکیو 1122 اور پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کی خصوصی ٹیمیں پشاور سے روانہ کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ ایوب میڈیکل کالج میں عوام کی سہولت کے لئے قائم سنیٹر پر آپریشن مکمل ہونے تک موجود رہے ۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق ریسکیو آپریشن میں ضلعی انتظامیہ سمیت،پاک آرمی کے جوان ، مقامی پولیس اور ریسکیو 1122 کے اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔پی ڈی ایم اے ، خیبر پختونخوا نے عوام کی سہولت کے لئے پی ڈی ایم اے میں قائم کنٹرول روم میں اضافی ڈیوٹیاں لگا دی ہیں اور عوام اپنے لواحقین اور دیگر معلومات کے لئے 1700 ٹیلی فون نمبر پر کسی بھی وقت کنٹرول روم سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔