سانحہ حویلیاں میں جاں بحق افراد کی میتیں لواحقین کے حوالے کرنے میں ڈی این اے ٹیسٹ کے باعث 6 سے 8 دن لگ سکتے ہیں، طارق فضل چوہدری

جمعرات 8 دسمبر 2016 13:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2016ء) وزیر مملکت طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ سانحہ حویلیاں میں جاں بحق افراد کی میتیں لواحقین کے حوالے کرنے میں ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے شناخت کے باعث 6 سے 8 دن لگ سکتے ہیں۔ ورثاء معلومات کے لئے اسلام آباد فون نمبر0092.51.9260340 سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ جمعرات کو اسلام آباد پمز ہسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ قومی ائیر لائن کے طیارہ کو حویلیاں کے علاقے میں پیش آنے والا اچانک حادثہ انتہائی افسوسناک ہے۔

انھوں نے کہا کہ سانحہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی میتیں وزیراعظم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ضروری کارروائی کے بعد فوری طور پر لواحقین کے حوالے کی جائیں گی اور اس عمل میں 6 سی 8 دن لگ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کہا کہ اب تک 47 افراد کی لاشیں ایبٹ آباد ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں منتقل کردی گئی ہیں اور وزیر اعظم کی ہدایت پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے راولپنڈی اور اسلام آباد کے چار ہسپتالوں مین منتقل کی جا رہی ہیں جہاں ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے لواحقین کے خون کے ساتھ موازنہ کے بعد میتیں لواحقین کے حوالے کی جائیں گیں۔ انھوں نے کہا کہ بغیر تصدیق کے میتیں لواحقین کے حوالے کرنا درست عمل نہیں۔ طارق فضل چوہدری نے لواحقین سے اپیل کی کہ وہ اس عمل میں ہر ممکن تعاون کریں ۔

متعلقہ عنوان :