بھارت اور افغانستان نے ہماری امن کی خواہش کا مناسب جواب نہیں دیا،پاکستان

جمعرات 8 دسمبر 2016 13:14

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 دسمبر2016ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہاہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دی ہیں، پوری دنیا نے پاکستان میں جاری دہشتگردی کے خلاف جنگ کو سراہا ہے، دہشتگردی کے حوالے سے پاکستانی افواج اور عوام کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، تین سالوں میں بجلی کے بحران کو بہت حد تک قابو پایا جاچکا ہے،سی پیک صرف پاکستان کیلئے نہیں بلکہ اس سے پورے خطے میں خوشحالی آئے گی، امریکہ اور پاکستان کے تعلقات مضبوط ہیں اور دونوں ممالک مل کر مختلف شعبوں میں کام کررہے ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے یونائیٹڈاسٹیٹس انسٹیٹیوٹ آف پیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین سالوں میں پاکستان نے معاشی اور اقتصادی ترقی میں بہت سے سنگ میل عبور کیے ہیں۔

(جاری ہے)

2013 سے اب تک پاکستان کے قبائلی علاقوں میں معاشی اور سماجی ترقی کے بارے میں عالمی اداروں نے ہماری کوششوں کو تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا نے پاکستان میں جاری دہشتگردی کے خلاف جنگ کو سراہا ہے تاہم دہشتگردی کے حوالے سے پاکستانی افواج اور عوام کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تین سالوں میں بجلی کے بحران کو بہت حد تک قابو پایا جاچکا ہے۔ سی پیک صرف پاکستان کیلئے نہیں بلکہ اس سے پورے خطے میں خوشحالی آئے گی۔ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات مضبوط ہیں اور دونوں ممالک مل کر مختلف شعبوں میں کام کررہے ہیں۔ امید ہے کہ ٹرمپ حکومت بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوطی اور مستحکم کرنے کیلئے ساتھ کام کرے گی۔

وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے واشنگٹن میں امریکی خارجہ پالیسی کے ماہرین اور حکومتی نمائندوں سے ملاقاتیں کیں جس میں ان کا کہنا تھاکہ نو منتخب امریکی صدر کے جنوبی ایشیا کے تنازعات حل کرنے سے متعلق اعلانات صرف خوش آئند ہیں، سیکیورٹی اور اقتصادی معاملات کے حوالے سے پاکستان اور امریکا ایک دوسرے کے اسٹریٹجک ساتھی ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں ڈونلڈ ٹرمپ آنے کے بعد مزید بہتری کی بھی امید ہے۔

طارق فاطمی نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان نے ہزاروں جانوں کی قربانی دی جب کہ بھارت اور افغانستان سے ہماری امن کی خواہش کا مناسب جواب نہیں ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ایک پیش رفت ہے جس میں تمام ممالک شامل ہوسکتے ہیں اور اس سے ہر ملک کو فائدہ ہو گا۔