طیارہ حادثہ ، تعزیتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

جمعرات 8 دسمبر 2016 12:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے ایک تعزیتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کا یہ مقدس ایوان پی آئی اے کے طیارہ حادثے میں معروف دینی سکالر جنید جمشید اور دیگر مسافروں کے جان بحق ہونے والوں کے لئے اظہار تعزیت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

جنید جمشید کی ناگہانی وفات ملک کیلئے ایک بڑا نقصان ہے مرحوم کی وفات سے نہ صرف پاکستان کے دینی حلقوں میں ایک بڑا خلاء پیدا ہو گیا ہے بلکہ پاکستان اتحاد بین المسلمین کے داعی سے بھی محروم ہو گیا ہے۔ جنید جمشید کی پاکستان کے لئے ناقابل فراموش خدمات ہیں وہ قومی ہیرو تھے۔ پنجاب کا یہ مقدس ایوان طیارے میں جان بحق ہونے والے مرحومین کے اہل خانہ سے بھی اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس مشکل وقت میں صبر اور حوصلے کی تلقین کے لئے دعا گو ہے۔