طیارہ حادثے پر امریکہ کا اظہار افسوس، تحقیقات کیلئے پیشکش

انسداد دہشت گردی کی کاروائیوں کیلئے پاکستان اور افغانستان کو تعاون کرنا ہو گا ، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کی میڈیا بریفنگ

جمعرات 8 دسمبر 2016 11:37

واشنگٹن,(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 دسمبر2016ء) امریکہ نے ایبٹ آباد میں ہونیوالے طیارہ حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے امداد اور بحالی کے کاموں میں تعاون کی پیشکش کر دی ہے ۔ یہ بات امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان مارک ٹونر نے صحافیوں کو بریفنگ کے دوران بتائی واشنگٹن میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان امریکی محکمہ خارجہ مارک ٹونر نے کہا کہ ریسکیو آپریشن اور حادثے کی تحقیقات کے لیے تعاون کرنے کو تیا ر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور نائب وزیر خارجہ ٹونی بلنکن کے درمیان انسداد دہشت گردی اور خطے کو درپیش چیلنجز پر بات ہوئی۔ انسداد دہشت گردی کی کاروائیوں کیلئے پاکستان اور افغانستان کو تعاون کرنا ہو گا۔ خطے کے استحکام کیلئے تمام پارٹنرز کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ہمیں معلوم ہے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے جہاز کو پیش آئے حادثے کے بارے میں، جو چترال سے اسلام آباد کیلئے اندرون ملک پرواز تھی۔ہماری ہمدردیاں جہاز حادثے کے متاثرین کے ساتھ ہیں اور ہم نے مدد کی پیشکش کی ہے۔ کسی بھی قسم کی معاونت کی ہم نے پاکستانی حکومت کو پیشکش کی ہے اور اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ بھی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے ۔۔