لیٖڈی باغ میں خواتین کی سہولت کیلئے بہترین لیڈیز جم قائم

جمعرات 8 دسمبر 2016 11:10

فیصل آباد۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2016ء)سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی طرف سے شہر کے تاریخی لیٖڈی باغ میں تین کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ پروین شاکر کمپلیکس میں خواتین کی سہولت کیلئے بہترین لیڈیز جم قائم کر دیا گیا ہے جبکہ اس کمپلیکس میں بیوٹی پارلر سمیت خواتین کی سماجی و تفریحی سرگرمیوں کیلئے کثیر المقاصد آڈیٹوریم کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

ڈی سی او سلمان غنی نے پروین شاکر کمپلیکس کا دورہ کر کے وہاں دستیاب سہولیات اور درکار وسائل کا جائزہ لیا۔ای ڈی کمیونٹی ڈویلپمنٹ خالد بشیر،ڈی او بلڈنگز طاہر انجم ڈیزائن یونٹ بازلہ منظورودیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈی سی او نے کہا کہ خواتین کی تفریحی وسماجی سرگرمیوں کے لئے لیڈی باغ بڑی اہمیت کا حامل ہے اور اس میں پرشکوہ کمپلیکس کا اضافہ ترقی کی جانب اہم قدم ہے جسے خواتین کے استفادہ کے لئے زیادہ سے زیادہ پرآسائش اور جدید سہولتوں سے آراستہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پروین شاکر کمپلیکس میں لیڈیز جم،بیوٹی پارلر اور دیگر دستیاب سہولیات کے بارے میں وسیع آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیااورکہا کہ تفریح طبع کے لئے آنے والی خواتین کو محفوظ اورخوشگوار ماحول فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ ڈی سی او نے لیڈی باغ کی لینڈسکیپنگ اورتزئین وآرائش کے لئے پی ایچ اے کی خدمات حاصل کرنے اوربچوں کے لئے جھولوں کی تنصیب اوردیگر امورکو منظم کرنے کی ہدایت کی۔ڈی سی او کوبتایا گیا کہ پروین شاکر کمپلیکس کے ایک حصے کو گرلز گائیڈ کے لئے مختص کردیا گیا ہے جہاں پر تربیتی پروگرامز اوردیگر سماجی سرگرمیاں بھی منعقد ہورہی ہیں۔