مہذب دنیا میں ووٹ کا اندراج نہ کرانے اور اپنا حق رائے دہی استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے ،مقررین کا ووٹرز ڈے پر خطاب

بدھ 7 دسمبر 2016 23:45

رحیم یار خان۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹرز او رووٹ کی اہمیت اجاگر کرنے کے لئے عوامی سطح پر بھر پور آگہی مہم چلانے کا آغاز کیا ہے جس کے تحت ہر سال7دسمبر کو قومی سطح پر ووٹرز ڈے منایا جاتا ہے جس کے تحت ضلعی الیکشن آفس کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال رحیم یار خان میں ووٹرز ڈے کے موقع پر آگہی سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ای ڈی او فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری طالب حسین رندھاوا تھے جبکہ تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی سردار محمد نواز خان رند، ضلعی صدر مسلم لیگ(ن) میاں خالد شاہین، ای ڈی او زراعت ظفر یاب حیدر، سابق ایم پی اے انجینئر جاوید اکبر ڈھلوں، صدر ڈسٹرکٹ بارسلیم اللہ جتوئی، جنرل سیکرٹر ی بار سید صہیب شاہ، ای ڈی او ایجوکیشن رانا محمد اظہر،شیر محمد چنہ، رانا راحیل احمد خان، ریاض نوری، میاں اکرام الحق، ملک عابد فیروز، ضلعی سوشل ویلفیئر آفیسر صفدر حسین وڑائچ، انچارج سپیشل برانچ رانا محمد ظفر سمیت دیگر مختلف سیاسی، مذہبی و کاروباری تنظیموں کے علاوہ مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات و خواتین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

قومی ووٹرز ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ای ڈی او فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری طالب حسین رندھاوا نے کہا کہ مہذب دنیا میں ووٹ کا اندراج نہ کرانے اور بذریعہ ووٹ جمہوری عمل میں اپنا حق رائے دہی استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے ،الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ووٹرز کو ووٹ کی طاقت اور اس کی اہمیت سے روشناس کرانے کے لئے قومی سطح پر اس دن کا منانا احسن اقدام ہے مگر ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم محض اسے ایک دن تک مختص نہ رکھیں بلکہ ووٹرز کو ووٹ کی اہمیت سے آگہی فراہم کرنے کے لئے متواتر ایسی تقریبات کا اہتمام کریں۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ ایک امانت ہے جس کو بروقت اور درست استعمال قومی فریضہ ہے ۔رکن صوبائی اسمبلی سردار محمد نواز خان رند نے کہا کہ جمہوریت کو مستحکم کرنے میں سب سے اہم کردار ووٹرز کا ہے لہذا وہ افراد جنہوں نے اپنا ووٹ درج نہیں کرایا وہ جلد ووٹ درج کراکے قومی دھارے میں شامل ہیں۔صدر ڈسٹرکٹ بار سلیم اللہ جتوئی، انجینئر جاوید اکبر ڈھلوں، ضلعی صدر مسلم لیگ(ن) میاں خالد شاہین، رانا راحیل احمد خان، میاں اکرام الحق، شیر محمد چنہ سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔قبل ازیں ضلعی الیکشن کمشنر اکبر علی نے بتایا کہ ملک میں 9کروڑ ووٹرز کا اندراج ہے جبکہ نادرا کی جانب سے 10کروڑ سے زائد شناختی کارڈ جاری ہو چکے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :