کو ہاٹ میں بھی نیشنل ووٹر ز ڈے بھر پورانداز میں منایا گیا

بدھ 7 دسمبر 2016 23:44

پشاور۔07دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوہاٹ محمد جنید خان نے عوام پر زوردیا ہے کہ وہ اپنی قومی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے اپنے 18سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کے قومی شناختی کارڈفوری طور پر بنواکر ان کے ووٹو ں کا اندراج کروائیں کیونکہ ملک کی تقدیر بدلنے کے لئے یہ انتہائی ضروری ہے۔وہ بدھ کے روز کوہاٹ میں نیشنل ووٹرز ڈے کے موقع پر منعقدہ آگاہی سمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرکوہاٹ شہاب الدین نے اس موقع پر سمینار کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔سیمینار میں دوسروں کے علاوہ ریجنل الیکشن کمشنر طارق خان،منتخب عوامی نمائندوں،سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ ووٹ کاغذ کا ایک سادہ ٹکڑا نہیں بلکہ قوم کی مقدس امانت ہے اور ملک کا مستقبل اس سے وابستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کے بہتراور روشن مستقبل اور جمہوری عمل کی بقاء کے لئے ووٹ کی اہمیت مسلمہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ووٹ ڈالنا صرف خانہ پوری نہیں بلکہ ایک قومی کا ز ہے اور ہر محب وطن شہری کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ پہلی فرصت میں اپنے قیمتی ووٹ کا اندراج کرکے اس کا صحیح استعمال کریںجب تک ووٹ کا صحیح استعمال نہیں ہو گا ملک کو مشکلات کی دلدل سے نہیں نکالا جا سکتا۔