وسائل سے عاری تحصیلوں کو اپریشنل گرانٹ کی فراہمی کیلئے اقدامات کرینگے،عنایت اللہ

بدھ 7 دسمبر 2016 23:42

پشاور۔07دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات ودیہی ترقی عنایت اللہ نے منتخب تحصیل ناظمین کو یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ مالی طورپر کمزور اور نئی وجودمیں آنے والی وسائل سے عاری تحصیلوں کو آپریشنل گرانٹ کی فراہمی کے لئے اقدامات کریں گے۔ یہ بات انہوں نے تحصیل ناظم ثمر باغ سعید احمد باچہ کی قیادت میں ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

اس موقع پر سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ ڈی جی بلدیات بھی موجود تھے۔ تحصیل ناظم ثمر باغ نے اپنے مسائل ومشکلات پر روشنی ڈالتے ہوئے سینئر وزیر بلدیات کو آگاہ کیا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے مطابق 30 فیصد ڈویلپمنٹ فنڈز کی فوری ادائیگی، تحصیل کو نسلز کو بااختیار بنانا، پبلک سیفٹی کمیشن میں تحصیل ناظم کی نمائندگی کے علاوہ تحصیل سطح پر تمام محکمہ جات کے دفاتر کا قیام عمل میں لایا جائے۔

(جاری ہے)

عنایت اللہ نے کہا کہ مخلوط حکومت نے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقلی کا وعدے پورا کردیااور منتخب نمائندوں کو بااختیار بناکر تمام بلدیاتی کونسلوںکو نہ صرف ترقیاتی فنڈ کے لئے اربوں روپے فراہم کیے بلکہ منتخب نمائندوں کی استعداد کار بڑھا نے کے لئے بھی فنڈز فراہم کیے اب ان کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوامی مسائل کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

سینئر وزیر نے ان کے مسائل غور سے سنے اور کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ صوبے میں تمام بلدیاتی ادارے مضبوط اور مستحکم ہوں اور وہ بہتر انداز میں عوامی خدمت کرسکیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کوبلدیاتی نظام کو فعال بنانے اورتحصیل ناظمین کے جائز مسائل حل کرنے کی ہدایت کی ۔وفد نے صوبائی وزیر کا ان کے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا۔