مسلم لیگ (ن) کی حکومت پہلی مرتبہ دو روزہ بین الاقوامی سیرت کانفرنس لاہور میں 12 ربیع الاول کو منعقد کرے گی،41ویں سیرت کانفرنس لاہور میں ہوگی، وزارت مذہبی امور کی کوشش ہے کہ عدم تشدد اور بین المذاہب ہم آہنگی کی تعلیمات کو عام کیا جائے

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو

بدھ 7 دسمبر 2016 23:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ41 ویں سیرت کانفرنس لاہور میں ہوگی، وزارت مذہبی امور کی کوشش ہے کہ عدم تشدد اور بین المذاہب ہم آہنگی کی تعلیمات کو عام کیا جائے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت پہلی مرتبہ دو روزہ بین الاقوامی سیرت کانفرنس لاہور میں 12 ربیع الاول کو منعقد کرے گی۔

بدھ کو یہاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رواں سال بین الاقوامی سیرت کانفرنس کا عنوان بھی بین المذاہب ہم آہنگی رکھا گیا ہے جس کے مہمان خصوصی وزیراعظم محمد نواز شریف ہوں گے۔کانفرنس میں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے مندوبین بھی شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں ایوارڈز کیلئے مقالات اور کتب کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور کو 59 کتابیں ملی ہیں،19 کو اول دوم سوئم انعام دیا جائے اسی طرح 91 مقالات میں سے 36 کو انعام دیا جائے گا۔کانفرنس کے دوسرے سیشن میں دیگر مذاہب کے سکالر بھی شرکت کریں گے۔ مباحثوں کے بعد اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ 11 ربیع الاول کو بادشاہی مسجد میں بین الاقوامی مقابلہ حسن قرات ہوگا۔وزیر مذہبی امور نے کہا کہ دو روزہ سیرت کانفرنس میں ترکی کے ڈاکٹر محمت گردیسا اور مالدیپ کے وزیر مالک احمد زیاد نے شرکت کی تصدیق کردی ہے۔

شیخ الاظہر کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ان کی شرکت کی تصدیق ابھی باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی وزیر شیخ مالک عبدالصالح اور دیگر اسلامی ممالک کے سکالرز اور علماء کو بھی دعوت دی گئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پہلی جماعت سے انٹرمیڈیٹ تک قرآن پاک کی تعلیم لازمی قرار دینے کی سفارش وفاقی حکومت کو بھجوا دی گئی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت سے پہلے سیرت کانفرنس ایوان صدر تک محدود ہوگئی مگر اب ہم پورے ملک میں سیرت کانفرنسیں کرائیں اور ہر صوبے میں جائیں گے اسی طرح رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں ملک کے مختلف شہروں میں کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سیرت کانفرنس میں ہندو، عیسائی، بھائی اور سکھ مذاہب سے تعلق رکھنے والے سکالر بھی شرکت کریں گے۔