چیف جسٹس انور ظہیر جمالی سے سینیٹر راجہ ظفر الحق کی زیر قیادت پارلیمانی کمیٹی کے وفد کی ملاقات،چیف جسٹس نے قانون کی حکمرانی‘ آئین کی بالادستی اور عدالتی اداروں کے حوالے سے ہمیشہ مثبت اور موثر کردار ادا کیا،پارلیمانی کمیٹی

بدھ 7 دسمبر 2016 23:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) چیف جسٹس انور ظہیر جمالی سے اعلیٰ عدلیہ میں جج تقرری کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کے وفد نے سینیٹر راجہ ظفر الحق کی قیادت میں ملاقات کی۔وفد میں کمیٹی کے دیگر ممبران سینیٹر الیاس احمد بلور ‘ سینیٹر فاروق ایچ نائیک‘ سینیٹر محمد جاوید عباسی‘ ایم این اے چوہدری محمود بشیر ورک اور ایم این اے محمد ارشد خان لغاری شامل تھے ،اس خصوصی میٹنگ میں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے ممبران جسٹس آصف سعید کھوسہ‘ جسٹس امیر ہانی مسلم اور جسٹس اعجاز افضل خان ‘ وفاقی وزیر قانون زاہد حامد‘ اٹارنی جنرل اشتر اوصاف بھی شریک ہوئے۔

میٹنگ کے دوران شرکاء نے اعلیٰ عدلیہ میں ججوں کی تقرری کے حوالے سے مختلف پہلوئوں پر غور کیا۔

(جاری ہے)

پارلیمانی کمیٹی کے ارکان نے سائلین کو انصاف فراہم کرنے اور بطور چیئرمین جوڈیشل کمیشن چیف جسٹس کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے قانون کی حکمرانی‘ آئین کی بالادستی اور عدالتی اداروں کے حوالے سے ہمیشہ ایک مثبت اور موثر کردار ادا کیا ہے۔

پارلیمانی کمیٹی کے اراکین نے جج تقرری کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کے وضع کردہ طریقہ کار پر اعتماد کا اظہار کیا اور تجویز دی کہ جوڈیشل کمیشن اور پارلیمانی کمیٹی کے مابین رابطوں کو مزید موثر بنانا چاہیے تاکہ اعلیٰ عدلیہ کے لئے بہترین افراد کو منتخب کیا جاسکے۔ جوڈیشل کمیشن کے اراکین نے پارلیمانی کمیٹی کے ارکان کو یقین دلایا کہ وہ باہمی احترام پر یقین رکھتے ہیں اور پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات اور رائے کا احترام کرتے ہیں۔ چیف جسٹس نے پارلیمانی کمیٹی اور جوڈیشل کمیشن کے اراکین کا اجلاس منعقد کرنے کے حوالے سے وفاقی وزیر قانون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ منتخب پارلیمانی کمیٹی کا احترام کرتی ہے جس نے جج کی تقرری کے حوالے سے بہتر کارکردگی دکھائی۔

متعلقہ عنوان :