وزارت اطلاعات بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے سلسلہ میں 19 دسمبر سے ہفتہ قائد منانے میں مرکزی کردار ادا کرے گی، قیام پاکستان کے لئے قائد کی جدوجہد کو اجاگر کرنے اور ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے خصوصی پروگرام منعقد ہوں گے،تقریبات میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے ، نئی نسل کو عظیم قائد کے تصورات‘ شخصیت اور کامیابیوں سے آگاہ کرنا ضروری ہے، قائد کے اصول اتحاد‘ ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے نصب العین کے اصول کے لئے مشعل راہ ہیں

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت پر ہفتہ قائد منانے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس میں اظہارخیال

بدھ 7 دسمبر 2016 23:39

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات ، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے سلسلہ میں 19 دسمبر سے ہفتہ قائد منانے میں وزارت اطلاعات اہم کردار ادا کرے گی۔ بدھ کو یہاں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائد کے یوم ولادت کی تقریبات میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بالخصوص بچے شرکت کریں گے کیونکہ نئی نسل کو عظیم قائد کے تصورات‘ شخصیت اور کامیابیوں سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے لئے قائد کی جدوجہد کو اجاگر کرنے اور ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے خصوصی پروگرام منعقد ہوں گے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کہا کہ قائد کے اصول اتحاد‘ ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے نصب العین کے اصول کے لئے مشعل راہ ہیں۔ دیگر تقریبات میں قائد کی تصویر کے مصوری کے مقابلے‘ تقاریری مقابلے‘ قائد کی زندگی سے متعلق کوئز پروگرام‘ بچوں کے لئے پپٹ شو‘ ٹیبلو اور قومی ترانہ اور گیت شامل ہوں گے۔ اجلاس میں قائد کے یوم ولادت کی تقریبات کے سلسلے میں پیشرفت اور اس سلسلے میں کی جانے والی تیاریوں کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزارت اطلاعات کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ تقریبات کا موضوع قائد کا پاکستان،، ہے۔