لائنز ایریا میں تجاوزات ختم کرکے پارک بنایا جائے گا، میئر کراچی

بدھ 7 دسمبر 2016 23:37

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ لائنز ایریا میں تجاوزات ختم کرکے پارک بنایا جائے گا لہٰذا تجاوزات کو دو دن کے اندر اندر مسمار کردیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یو سی 11 میرا حلقہ انتخاب ہے، میں نے یہیں سے انتخاب لڑے ہیں اور مجھے میئر بنانے میں یہاں کے مکینوں کا کردار نہایت اہم ہے۔ 100 روزہ صفائی مہم میں لائنز ایریا اور اطراف کے علاقے شامل ہیں یہاں سے کچرا اٹھانے کا کام اور صفائی ستھرائی کے دیگر انتظامات ترجیحی بنیادوں پر انجام دیئے جائیں گے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے لائنزایریا کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور، سابق ٹائون ناظم جاوید احمد اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے اس دورے کے دوران علاقے سے کچرا اور کوڑا اٹھانے کے عمل کا جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو تیزی سے کام کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں مسائل کے انبار ہیں لیکن اس کے باوجود صفائی ستھرائی اور سڑکوں کی مرمت کے کاموں کا آغاز کردیا گیا ہے جنہیں تیزی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ میئر کراچی نے فرداً فرداً لائنزایریا کے مکینوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل بھی سنے۔ انہوں نے یوسی 8 کا بھی دورہ کیا اور وہاں کے لوگوں سے ان کے مسائل معلوم کئے۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے میرے لئے کراچی کے تمام علاقے برابر ہیں اور کوشش ہے کہ کراچی کے تمام اضلاع میں بیک وقت کام شروع ہوں ، کراچی کی بہتری اور ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، شہری ہمارے ہاتھ مضبوط کریں اور اس کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ فنڈز کی کمی اپنی جگہ لیکن ہمارے حوصلے بلند ہیں، 100 روزہ صفائی مہم کے دوران کراچی میں نمایاں تبدیلی نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 7 یوم میں کراچی کے مختلف علاقوں سے ہزاروں ٹن کچرا اٹھایا جاچکا ہے۔

متعلقہ عنوان :