کراچی ،ایم کیو ایم کا سانحہ بلدیہ کے ملزم رحمن بھولا کی گرفتاری پر اطمینان کااظہار

بدھ 7 دسمبر 2016 23:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2016ء) متحدہ قومی موومنٹ کے ترجمان نے سانحہ بلدیہ کے ملزم رحمن بھولا کی گرفتاری پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ اس سانحہ کے تمام مجرم جلد گرفتار کئے جائیں گے اور بلدیہ فیکٹری میں شہیدہونے والے معصوموں کے لواحقین کو انصاف مل سکے گا ۔ ایم کیوایم پاکستان کے ترجمان نے میڈیا پرآنے والی اطلاعات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان کسی مجرم کی نہ سرپرستی کررہی ہے اور نہ ہی آئندہ کرے گی ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید کہاکہ میڈیا میں رحمن بھولا کی اہلیہ کے حوالے سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ وہ کسی اور جماعت میں شمولیت اختیار کرچکا تھا تاہم ایم کیوایم پاکستان اس تفصیل میں جائے بغیر واشگاف الفاظ میں اعلان کرتی ہے کہ اگر کوئی بھی سماج دشمن ، قانون شکن فرد ایم کیوایم پاکستان میں موجود بھی ہے تو ہم بحیثیت جماعت ایسے کسی بھی فرد کے مجرمانہ فعل کو کبھی نہیں چھپائیں گے اور اس کے خلاف ہونیوالی قانونی کارروائی کی راہ میں قطعاً رروڑے نہیں اٹکائیں گے ۔ #

متعلقہ عنوان :