نصابی تعلیم کے ساتھ تربیت کے مواقع فراہم کرکے طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارا جا سکتا ہے، وحید اختر انصاری

بدھ 7 دسمبر 2016 23:27

لاہور۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر پنجاب وحید اختر انصاری نے کہا ہے کہ نصابی تعلیم کے ساتھ تربیت کے مواقع فراہم کرکے طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارا جا سکتا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوںنے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور پنجاب یونیورسٹی شعبہ سوشل ویلفیئر کی طرف سے رورل کمیونٹی ڈویلپمنٹ ٹریننگ پروگرام میں شریک طلبہ کے گروپس سے عملی تجربات کے حوالے سے بریفنگ کے موقع پر کیا، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر زاہد جاوید، پروفیسر ایم ارشد عباس، ڈی او سوشل ویلفیئر امجد محمود کلیر، چوہدری ارشد، ڈی ڈی او محمد عمر ، چیئرمین یونین کونسل محمد افضل اور موضع سماں سے تعلق رکھنے والے معززین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ڈی جی سوشل ویلفیئر نے بتایا کہ یونیورسٹی آف پنجاب کے شعبہ سوشل ویلفیئر کے گروپوں کو صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں بھجوایا گیا ہے ان میں سے چھ گروپس کو ضلع گجرات کے مختلف دیہات میں ایک ماہ کی عملی تربیت کیلئے بھیجا گیا ہے جہاں وہ اپنی صلاحتیوں کا عملی مظاہر ہ کرکے ماحولیاتی صورتحال، سینی ٹیشن، واٹر سپلائی، تعلیم، صحت، یوتھ کے مسائل، خواتین کے مسائل کی نشاندہی کرکے انکے حل کیلئے تجاویز مرتب کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ لاہور جیسے بڑے شہر میں پڑھنے والے ان نواجوانوں نے خود کو دیہی ماحول میں کامیابی سے ایڈجسٹ کیا اور کمیونٹی کی مدد سے ان علاقوں کو درپیش مسائل کی نشاندہی کی اور انکے حل کیلئے شہریوں کے تعاون سے اور ضلعی حکومت اور میونسپل کارپوریشن کے تعاون سے کامیاب اقدامات کئے جو قابل تحسین ہے۔ انہوںنے طلبہ پر زور دیا کہ وہ عملی تربیت کے دوران جانفشانی اور محنت سے کام کریں ، انکے یہی تجربات عملی زندگی میں انکی راہنمائی کرتے رہیں گے ۔

اس سے قبل زیر تربیت طلبہ نے ڈی جی سوشل ویلفیئر وحید اختر انصاری ، ڈاکٹر ایم ارشد عباس کو بریفنگ دی اور عملی تربیت کے دوران سامنے آنیوالے تعلیم، صحت، روڈ سیفٹی اور دیگر مسائل اور انکے حل کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات بارے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :