ملک میں حقیقی تبدیلی صرف عوام ہی لا سکتے ہیں ،محمد رفیق رجوانہ

واحد حل انتخابی عمل میں ان کے کردار کو موثر بنانا ہے‘ گورنر پنجاب

بدھ 7 دسمبر 2016 23:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ملک میں حقیقی تبدیلی صرف عوام ہی لا سکتے ہیں اور اس کا واحد حل انتخابی عمل میں ان کے کردار کو موثر بنانا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کر کے اپنی قسمت کا فیصلہ خود کریں -ان خیالات کا اظہار انہوںنے صوبائی الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام’’ قومی ووٹر ڈے‘‘ کے موقع پر گورنر ہاؤس لاہور میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران کیا - سیمینار میں معروف دانشور مجیب الرحما ن شامی اور الیکشن کمیشن پنجاب کے افسران اور سٹاف نے شرکت کی ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ایک مستحکم اور جمہوری نظام میں ہر فرد انفرادی اہمیت کا حامل ہے جو ملک و قوم کے مقدر کا ستارہ ہے اور یہ امر خوش آئندہے کہ حکومت نہ صرف اس جمہوری نظام کو مضبوط کرنے کیلئے پر عز م ہے بلکہ اس میں ہر شخص کے فعال کردار کو موثر بنانے کیلئے کوشاں ہے ۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ 7 دسمبر کو ووٹرز کا قومی دن منانے سے عوام کو اپنے ووٹ کی اہمیت اور اس کے صحیح استعمال کے بارے میں شعور اجاگر کر نے کاموقع ملتا ہے اور مجھے اس بات پر نہایت مسرت ہو رہی ہے کہ الیکشن کمیشن نے اس سال اس حوالے سے ایک سیمینار کے انعقاد کیلئے گورنر ہاؤس کا انتخاب کیا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ2013ء میں ٹرن آؤٹ کا تناسب خاصا حوصلہ افزاء رہا تاہم اس میں مزید اضافے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے - انہو ںنے کہا کہ فیڈرل الیکشن اکیڈمی کے قیام اور اس میں افسران اور سٹاف کی تربیت سے انتخابی عمل میں مزید بہتری آئے گی جبکہ انتخابی عمل میں جدید ٹیکنالوجی ، الیکٹرک ووٹنگ مشین کا استعمال بھی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

گورنرنے کہا کہ الیکشن کے لیے ضابطہ اخلاق کی تیاری میں سیاسی پارٹیوں کی شمولیت خوش آئند ہے اور توقع ہے کہ اس سے ایک ایسا ضابطہ اخلاق تیار کرنے میں مدد ملے گی جس سے انتخابی شفافیت میں اضافہ ہو گا اور قوم کا جمہوری عمل میں اعتمادبڑھے گا۔گورنر پنجاب نے الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ وہ آئندہ عام انتخاب سے پہلے ووٹرزکے اندراج کو یقینی بنائیں تاکہ وہ اپنا حق رائے دہی استعمال کر کے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں -انہو ںنے کہا کہ ووٹ عوام کی امانت ہوتی ہے اور اس امانت میں کی گئی خیانت کا عذاب قومیں مدتوں بھگتتی ہیں ۔

اس موقع پرصوبائی الیکشن کمشنر پنجاب مسعود احمد ملک نے انتخابی عمل میں اصلاحات کے لیے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا ۔ سیمینار سے رکن الیکشن کمیشن پاکستان جسٹس (ر) الطاف ابراہیم قریشی، معروف دانشور اور تجزیہ نگار مجیب الرحمان شامی، جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور ووٹ کی اہمیت اور اس کے صحیح استعمال پر روشنی ڈالی۔

تقریب کے اختتام پر مقامی گورنمنٹ سکول کی بچیوں نے خوبصورت ٹیبلوپیش کیے جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔بعد ازاں، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میں صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر ، ممبرز صوبائی اسمبلی غزالی سلیم بٹ ،وائس چیئر مین واسا چوہدری شہباز احمد، وائس چیئر مین انوائرمنٹ کمیٹی شہباز جٹ اور کرنل(ر) امجد نے ملاقات کی اور ان کے بھانجے محمد الیاس رجوانہ کی وفات پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔

دریں اثناہء، گورنر ہائوس لاہور سے سبکدوش ہونے والے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کے اے ڈی سی میجر ناصر گلزئی کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ، ملٹری سیکرٹری ٹو گورنر پنجاب اور گورنر ہائوس کے دیگر افسران موجود تھے۔ اس موقع پرگورنر پنجاب نے سبکدوش ہونے والے اے ڈی سی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ میجر ناصر گلزئی ایک ایماندار اور فرض شناس آفسر تھے اور دوران سروس انہوں نے اپنے فرائض منصبی بڑے احسن طریقے سے سرانجام دیئے۔

انہوں نے سبکدوش ہونے والے اے ڈی سی کیلئے نیک تمنائوں کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ گورنر ہائوس لاہور میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانے سبکدوش ہونے والے اے ڈی سی کو یادگاری شیلڈ بھی دی۔

متعلقہ عنوان :