حلقہ پی کے۔10 کے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،شاہ فرمان

بدھ 7 دسمبر 2016 23:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2016ء)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے آبنوشی شاہ فرمان نے کہا ہے کہ حلقہ پی کے۔10کے عوام کو صحت ،تعلیم،آبنوشی،بجلی اورگیس سمیت تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور اس مقصد کیلئے متعدد منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے حلقہ نیابت میں بی ایچ یو اضاخیل کو آر ایچ سی کا درجہ دینے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر دوسروں کے علاوہ سابق ناظم عرب شیر،ممبر ضلع کونسل ڈاکٹر رضا شاہ،معززین علاقہ الفت خان،اسلام تاج اور مقامی لوگوں کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ بنیادی مرکز صحت(BHU) کی دیہی مرکز صحت کی سطح پر درجہ بلندی کا یہ منصوبہ دو برس کے اندر مکمل کرلیا جائے گا جبکہ اس پر100ملین روپے لاگت آئے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کی زیر قیادت صوبائی حکومت صوبے میں کرپشن کے خاتمے اور اداروں کی اصلاحات کے ذریعے ان کی کارکردگی بہتر بنانے سمیت ترقیاتی منصوبوں پر بھی خصوصی طور پر توجہ دے رہی ہے اور اس ضمن میںٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ صوبے کے عوام کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔